’معاشی بحران‘، پاکستان میں ہنڈا گاڑیوں کا پروڈکشن پلانٹ 15 اپریل تک بند
ہنڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی چیلنجز نے اس کی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ نے ملک کے موجودہ معاشی بحران اور لیٹر آف کریڈٹ کھولنے پر پابندی کے پیش نظر اپنا سب سے بڑا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے میں 15 دن کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کمپنی نے آٹھ مارچ سے 31 مارچ تک اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ہنڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی چیلنجز نے اس کی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں کمپنی اپنی پیداوار کو جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
ہنڈا موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں کہا ہے ’بالآخر یکم اپریل 2023 سے 15 اپریل 2023 تک اپنے پلانٹ کو بند رکھنا ہو گا۔‘
انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی جیسی دیگر گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں بھی پاکستان کی معاشی مشکلات کی وجہ سے گزشتہ تین سہ ماہیوں سے پیداوار روکنے پر مجبور ہیں۔