عمرہ زائرین کی سلامتی اور رہنمائی، مسجد الحرام میں 500 سکیورٹی اہلکار تعینات
عمرہ زائرین کی سلامتی اور رہنمائی، مسجد الحرام میں 500 سکیورٹی اہلکار تعینات
ہفتہ 1 اپریل 2023 21:06
زائرین کو ان کی زبان میں رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب مسجد الحرام مکہ میں شعبہ امن وسلامتی کی جانب سے زائرین کی رہنمائی اور ازحام پر کنٹرول کے لیے 500 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
مختلف زبان بولنے والے 15 نگرانوں کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں جو بیرون مملکت سے آئے ہوئے عمرہ زائرین کو ان کی زبان میں رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے رمضان کے دوران زائرین کی سلامتی اور ان کی رہنمائی کےلیے خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔
حفاظت ورہنمائی پر مامور نگران اردو، انگلش، ترکی، فارسی، سری لنکن، چینی اورھوساوی زبانیں بولتے اورسمجھتے ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں کے دستے میں شامل نگرانوں کو اس لیے تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ عمرہ زائرین کی بہتر طور پر رہنمائی کرسکیں۔
واضح رہے کہ رمضان میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین کی مختلف ممالک سے آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ زائرین کی مسجد الحرام میں آمدورفت کومنظم رکھنے کے لیے ادارہ امورحرمین کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں کو مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرتعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ بہتر طور پر زائرین کی رہنمائی کرسکیں۔