مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 20 لاکھ افراد نے رمضان کا دوسرا جمعہ ادا کیا
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 20 لاکھ افراد نے رمضان کا دوسرا جمعہ ادا کیا
جمعہ 31 مارچ 2023 20:50
مسجد الحرام میں 15 لاکھ اور مسجد نبوی میں5 لاکھ افراد شریک ہوئے (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تقریبا 20 لاکھ افراد نے رمضان کا دوسراجمعہ ادا کیا ہے۔
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں 15 لاکھ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں تقریبا 5 لاکھ افراد جمعہ کی نماز میں شریک ہوئے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’رمضان کے دوسرے جمعے کا آپریشنل پلان پوری طرح کامیاب رہا ہے۔ تمام اداروں نے ہر ممکن کوشش کی کہ مسجد الحرام کے دالانوں، صحنوں اور آنے والے راستوں میں اژدحام نہ ہو اور تمام افراد سکون و اطمینان کے ساتھ جمعےکی نمازادا کرسکیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ نمازیوں کی غیر معمولی تعداد کے باوجود کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے صبح سویرے سے مسجدالحرام اور مسجدنبوی پہنچنے لگی تھی‘۔
مسجد الحرام کے دالان، تمام منزلیں، تہ خانہ، چھتیں اور صحن صبح سے نمازیوں سے بھر گئے تھے۔ نمازیوں کی صفیں مسجد الحرام کے اطراف واقع محلوں، میدانوں اور سڑکوں تک پہنچ گئی تھیں۔
ڈاکٹرعبد الرحمن السدیس نے بتایا کہ ’مسجد الحرام کے تمام دروازے نمازیوں کےلیے کھول دیے گئے تھے۔ نماز کے بعد تمام لوگ اطمینان و سکون کے ساتھ واپس گئے‘۔
’مسجد نبوی میں بھی رمضان کے دوسرے جمعے کے دوران نمازیوں کو تمام سہولتیں فراہم کی گئیں‘۔