Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں خادم حرمین شریفین کی طرف سے افطار پروگرام کا افتتاح

مفتی عبدالشکور نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان میں ضرورت مندوں کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے مذہبی اتاشی کی نمائندگی کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور دعوت و ارشاد نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے افطار پروگرام، قرآن پاک اور کھجوروں کی تقسیم برائے سال 1444 ہجری کا افتتاح کیا۔
پیر کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی زیرِنگرانی اور وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور سفارت خانے کے مذہبی اتاشی عبد المجید مشعان العتیبی کی موجودگی میں اس پروگرام کا افتتاح ہوا۔
افتتاح کے موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں مملکت کا سفارت خانہ ان پروگراموں کے افتتاح کو اپنے لیے قابلِ شرف سمجھتا ہے، جنہیں وزارت مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کے وزیر شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کی قیادت میں اپنے منسلکات کے ذریعے نافذ کرتی ہے۔
نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ روزے داروں کے لیے افطار پروگرام، قرآن مجید اور کھجوروں کی تقسیم کا پروگرام ان منصوبوں کا حصہ ہے، جنہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رمضان المبارک کے مہینے میں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں شروع کرنے کی ہدایات کیں۔

’اس پروگرام کا مقصد غریب اور نادار خاندانوں، بیواؤں اور یتیموں کی دیکھ بھال کرنا، انہیں خوشی و مسرت کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کو پورا کرنا اور ضروری اشیائے خورد ونوش فراہم کرتے ہوئے غریب اور انتہائی ضرورت مند خاندانوں کی تکالیف کو کم کرنے میں مؤثر طریقے سے تعاون کر کے ان کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانا ہے۔‘
انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دانش مندانہ قیادت میں اس عظیم کام کے لیے شکریہ اور فخر کا اظہار کیا، جو خادم حرمین شریفین کے انسانی احساس کو مجسم صورت میں پیش کرتا ہے، اور یہ اس بلند پیغام پر مبنی ہے، جس کا سعودی عرب اسلامی معاشروں میں ہر جگہ علم بردار ہے۔

وزیر برائے مذہبی امور مفتی مفتی عبدالشکور نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہباز شریف، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مملکت کی طرف سے پاکستان میں ضرورت مندوں کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان میں مذہبی اتاشی کی طرف سے نمائندگی کرنے والی وزارت مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کی کوششوں کو سراہا، نیز ہر برس اس سالانہ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اس کے مستفیدین کا انتخاب پیشہ ورانہ انداز میں کرنے کی تعریف کی تاکہ استفادہ کرنے والوں کی بڑی تعداد اس سے مستفید ہو سکے۔

شیئر: