Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں مارچ کےدوران حوثیوں کی  تین ہزار 316 بارودی سرنگیں صاف

یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ مسام کے میڈیا سینٹر کی مارچ 2023 میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مسام نے یمن کے مختلف حصوں میں حوثیوں کی بچھائی ہوئی مزید تین ہزار 316  بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔
اس اینیشیٹیو کے ذریعے مسام پروجیکٹ نے جبل حبشی ڈسٹرکٹ میں واقع الشعب عکاد سکول کو بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد سے پاک کرنے کے بعد طلبہ اور اساتذہ کے لیے محفوظ ماحول پیدا کیا۔
مسام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسامہ القصیبی نے کہا کہ ’الشہاب اکاد سکول کی مکمل صفائی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسام ایک ایسا منصوبہ ہے جو سب کے لیے محفوظ زندگی کو یقینی بناتا ہے‘۔
یمن کے تعز گورنریٹ میں ایجوکیشن آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف الصامت نے مسام پروجیکٹ کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور طلبہ کی پڑھائی کو محفوظ بنانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔
شاہ سلمان مرکز  برائے امداد اور انسانی خدمات کے اس اینیشیٹیو کے تحت دو ہزار 534 یو ایس او اور 741 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کو صاف کیا گیا۔
یمن کے شبوۃ گورنریٹ کے  بیحان ڈسٹرکٹ میں آپریٹنگ انجینئرنگ ٹیمیں 18 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کو صاف کرنے میں کامیاب ہوئیں جو وادی بیحان میں موسلادھار بارش میں بہہ گئی تھیں۔
سعودی مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی تین لاکھ 93 ہزار 22 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے یمنی عوام کی مدد کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر شروع کیے گئے متعدد انیشیٹوز میں سے ایک ہے۔

 مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مسام کے نام سے حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام کے پاس اس کام کے لیے 32  ٹیمیں ہیں اور اس کا مقصد یمن میں بارودی سرنگوں کو ختم کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی فراہمی کو بحفاظت فراہم کیا جائے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔

شیئر: