Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: معذور بچوں سے گداگری کرانے والے یمنی گرفتار

یہ لوگ بچوں سے مساجد اور تجارتی مراکز کے سامنے بھیک منگواتے تھے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
جدہ کے سیکیورٹی حکام نے  گداگری کا اڈہ چلانے والے یمنی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ لوگ معذور بچوں سے مساجد اور تجارتی مراکز کے سامنے بھیک منگواتے تھے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’گرفتار افراد نے اقبالیہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معذور بچوں سے بھیک منگوانے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کیے ہوئے تھے۔‘
امن عامہ کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ بچوں کو مساجد اور تجارتی مراکز کے سامنے لاتے اور لے  جاتے تھے۔ بچے آنے جانے والوں سے معذوری و مجبوری کے نام پر بھیک مانگتے تھے۔‘
محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ ’گرفتار شدگان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے پر انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے  گا‘۔ 
سعودی عرب میں کسی بھی شخص کا بھیک مانگنا یا بھیک منگوانا یا بھیک مانگنے یا منگوانے میں تعاون دینا قابل سزا جرم ہے۔ اس پر چھ ماہ تک قید یا پچاس ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہے۔ بعض حالات میں دونوں سزائیں بیک وقت دی جا سکتی ہیں۔ 
سعودی قانون میں ہے کہ ’جو شخص منظم گداگر تنظیم کے تحت گداگری کا پیشہ اختیار کرے گا اسے ایک برس تک قید یا ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں‘۔ 
گداگری کے جرم میں ملوث غیرملکیوں کو قید کی سزا مکمل کرنے پر مملکت سے بے دخل کر دیا جاتا ہے۔ اس سے سعودی شہری کی غیرملکی بیوی یا سعودی خاتون کا غیرملکی شوہر یا اس کی اولاد مستثنی ہوں گے انہیں بے دخل نہیں کیا جائے گا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: