Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے 20 پُرتعیش نجی جہاز کس کی ملکیت اور قیمت کتنی؟

مہنگے ذاتی جیٹ بے شمار سہولتوں اور فیچرز کے حامل ہوتے ہیں (فائل فوٹو: دی رچیسٹ ڈاٹ کام)
بنگلے، بڑی بڑی گاڑیاں اور کاروبار کی خواہش ہر کسی کی ہوتی ہے مگر جن کے پاس یہ سب کچھ ہوتا ہے وہ کیا چاہتے ہیں، ہواؤں میں اُڑنا چاہتے ہیں اور وہ بھی کسی ایئرلائن میں نہیں بلکہ ذاتی ’اُڑن کھٹولے‘ میں، جس میں وہ سب کچھ ہو جو کسی بھی فائیوسٹار ہوٹل میں دستیاب ہو سکتا ہے۔
امرا کی اس خواہش کی تکمیل کے لیے کچھ کمپنیاں ایسے پرتعیش جہاز بناتی ہیں جن کی قیمت ظاہر ہے کم تو نہیں ہو سکتی لیکن اس سے بھی کئی گُنا زیادہ ہے جو آپ کے ذہن میں آرہی ہے۔
الرجل میگزین نے 20 ایسے ہی جہازوں کے بارے میں رپورٹ دی ہے جس میں ان کی قیمتوں اور فیچرز پر تفصیل سے بات اور درجہ بندی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسے پرتعیش جہازوں کی قیمت چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے شروع ہو کر 50 کروڑ ڈالر تک ہے جو امیر افراد نے اپنے سفر کے لیے خریدے جبکہ ان سے اوپر کی قیمت کے جہاز بھی موجود ہیں جو حکومتوں کی ملکیت ہیں۔

20: ایمبرائر ای ایم بی 190 بی جے

اس جہاز کی قیمت چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔ یہ 2006 میں متعارف کرایا گیا تھا جبکہ 2007 میں اس نے پہلی اُڑان بھری تھی۔

ایمبرائر ای ایم بی 190 بی جے کی قیمت چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے (فائل فوٹو: الرجل)

جب اس طیارے کا اعلان کیا گیا تھا تو بعض افراد کی جانب سے اس کی قیمت کو زیادہ قرار دیا گیا تھا، تاہم اس موجود پرتعیش سہولتوں فیچرز کی مناسبت سے ماہرین نے قیمت کو جائز قرار دیا تھا۔
اس میں ایندھن کے لیے اضافی ٹینکیاں لگائی گئی ہیں جن کی بدولت یہ طویل سفر بغیر کسی رکاوٹ کے کر سکتا ہے۔
اس میں بیڈ روم اور باتھ روم کے علاوہ لاؤنج بھی ہے جبکہ ٹہلنے کے لیے ایک حصہ رکھا گیا ہے۔

19: گلف سٹریم جی 500


گلف سٹریم جی 500 میں تمام جدید سہولتیں موجود ہیں (فائل فوٹو: گلف سٹریم ڈاٹ کام)

اس پرتعیش جہاز کی قیمت چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے جس کے فیچرز اسے دوسرے مسابقتی جہازوں سے منفرد بناتے ہیں۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ گاہک کی مرضی کے مطابق اس میں کیبن لگائے جاتے ہیں جن میں سیٹیں اور بیڈز بھی شامل ہیں۔ اس میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت کے علاوہ آن لائن میٹنگ بھی کی جا سکتی ہے۔

18: بومبارڈیئر بی ڈی 700


بومبارڈیئر بی ڈی 700 مسلسل کئی روز تک اُڑ سکتا ہے (فائل فوٹو: وکی میڈیا)

یہ بھی ایک مہنگا ترین سمجھا جانے والا جہاز ہے جس کی قیمت چار کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے۔ اس کی خاص بات بھی ایندھن کا بڑی مقدار میں ذخیرہ ہے، یہ کئی روز تک مسلسل اڑ سکتا ہے جبکہ رفتار کے مقابلے میں بھی یہ دیگر مسابقتی جہازوں سے آگے ہے۔
اس میں ایک گیلری، کانفرنس ایریا، ڈائننگ روم، بڑا باتھ روم اور ایک سٹیٹ روم بھی ہے۔

 17: ایمبرائر لائن ایج 1000 ای

یہ پرتعیش اور مہنگے جہازوں کی فہرست میں 17 ویں نمبر پر آتا ہے۔ اس کی قیمت پانچ کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے اور اس میں بیڈروزم کے علاوہ ایک کشادہ شاور ایریا بھی بنایا گیا ہے۔

ایمبرائر لائن ایج 1000 ای تمام پُرتعیش سہولتوں سے لیس ہے (فائل فوٹو: وکی میڈیا)

اس کا اندرونی حصہ اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس میں مالک کی خواہش کے مطابق تبدیلی کی جا سکتی ہے تاکہ وہ خوش گوار سفر سے محظوظ ہو سکیں۔

16: گلف سٹریم جی 650 ای آر

اس کی قیمت چھ ساڑھے چھ کروڑ ڈالر ہے اس میں کئی ایسے فیچرز موجود ہیں جو اس سے پہلے بتائے گئے جہازوں میں نہیں تھے۔ اس میں سمارٹ فون ایپ کے ذریعے پورے کیبن سسٹم کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

گلف سٹریم جی 650 ای آر کی رینج ساڑھے سات ہزار میل سے زیادہ ہے (فائل فوٹو: وکی میڈیا)

اس میں چمڑے کا پریمیئر انٹیریئر استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کے اندر دس تکاری کا ایسا کام بھی نظر آتا ہے جس میں قیمتی پتھروں کو استعمال کیا گیا ہے۔
سفر اور رفتار کے معاملے میں بھی یہ جہاز کافی اہم فیچرز رکھتا ہے۔ اس کی رینج ساڑھے سات ہزار میل سے زیادہ ہے۔

15: بمبارڈیئر گلوبل 7000


بمبارڈیئر گلوبل 7000 سے بغیر ری فیول کے امریکہ سے آسٹریلیا پہنچا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: انسائیڈر ڈاٹ کام)

یہ بھی ایک اہم جہاز ہے جس کی قیمت سات کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے۔ اس کے سفر کی حد ساڑھے آٹھ ہزار میل سے زیادہ ہے اور اس کے ذریعے بغیر ری فیول کے ایک ہی سفر میں امریکہ کے نیویارک سے آسٹریلیا کے سڈنی تک جایا جا سکتا ہے۔
اس میں ڈائننگ روم کے علاوہ ملٹی میڈیا تفریحی تھیٹر بھی ہے جبکہ بیڈرومز اس کے علاوہ ہیں۔

 14: بوئنگ بزنس جیٹ ٹو

یہ جہاز بھی امرا میں بہت مقبول ہے۔ اس کی قیمت سات کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔ انڈیا سے تعلق رکھنے والے بزنس مین مکیش امبانی بھی یہی جہاز رکھتے ہیں۔ اس کا اندرونی حصہ 1000 مربع فٹ ہے۔

انڈین بزنس مین مکیش امبانی کے پاس بوئنگ بزنس جیٹ ٹو ہے (فائل فوٹو: سکائی لینس)

اس میں نجی سویٹ کے علاوہ انٹرویوز اور ملاقاتوں کے لیے ایک الگ ہال بھی ہے۔

13: بوئنگ 737


بوئنگ 737 میں ایک وقت میں 19 افراد سفر کر سکتے ہیں (فائل فوٹو: الرجل)

اسے بھی پرتعیش جہازوں کی فہرست میں اہم مقام حاصل ہے۔ اس کی قیمت آٹھ کروڑ ڈالر ہے۔ اس میں ایک وقت کے دوران 19 افراد سفر کر سکتے ہیں۔ اس میں بیڈروم، کچن، باتھ روم کے علاوہ تمام مواصلاتی سہولتوں اور آلات سے مزین ایک کانفرنس روم بھی موجود ہے۔

12: ایئربس اے سی جے 319 نیو


ایئربس اے سی جے 319 نیو کی قیمت 10 کروڑ ڈالر ہے (افئل فوٹو: بی جے ٹی آن لائن)

اس کی قیمت 10 کروڑ ڈالر ہے یہ بھی ہرقسم کے پرتعیش فیچرز سے لیس ہے۔ یہ نان سٹاپ سات ہزار آٹھ سو میل تک پرواز کر سکتا ہے۔

11: بوئنگ 757

اس کی قیمت بھی 10 کروڑ ڈالر ہے اور یہ دنیا کے مشہور ترین نجی طیاروں میں سے ایک ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس بھی یہی جہاز ہے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس بوئنگ 757 ہے: (فائل فوٹو: لیہم نیوز)

اس میں 43 افراد کی گنجائش ہے۔ اس کا زیادہ تر حصہ خالص سونے سے بنا ہے اور میں تفریح کے لیے 52 انچ کا سنیما پروجیکشن سسٹم بھی ہے۔
اس میں دو بڑے رولز رائس آر بی 211 ٹربو فین انجن بھی لگے ہیں۔

10: گلف سٹریم 3


امریکی اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار ٹائلر پیری اپنا ذاتی گلف سٹریم تھری رکھتے ہیں (فائل فوٹو: ایئروکارنر)

اس اہم اور پرتعیش جہاز کی قیمت 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔ امریکی اداکارہ پروڈیوسر اور ہدایت کار ٹائلر پیری کے پاس یہی جہاز موجود ہے۔ اس میں 14 افراد کی گنجائش ہے جبکہ گزرے کچھ برسوں کے دوران میں اس میں کئی مزید فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
یہ 42 انچ کی ہائی ڈیفینیشن ڈسپلے، سیٹلائٹ ٹیلی ویژن، بلو رے پلیئرز اور دیگر جدید سہولتوں سے بھی لیس ہے۔

9: وی آئی پی بوئنگ 747


ہانگ کانگ میں مقیم بزنس مین میگل جوزف لاؤ وی آئی پی بوئنگ 747 کے مالک ہیں (فائل فوٹو: وکی میڈیا)

اس کی قیمت 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے اور یہ ہانگ کانگ میں مقیم ریئل سٹیٹ کا کاروبار کرنے والے میگل جوزف لاؤ کی ملکیت ہے۔
یہ جدید سہولتوں سے لیس ہے اور سفر کرنے والوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرتا ہے۔

8: اے بوئنگ ای آر

خصوصی طور پر ارب پتیوں کے لیے بنائے گئے اس جہاز کی قیمت 12 کروڑ سے 17 کروڑ ڈالر کے درمیان ہے جو روسی ارب پتی رومن ایرامووچ کی ملکیت ہے۔

اے بوئنگ ای آر روسی ارب پتی رومن ایرامووچ کی ملکیت ہے (فائل فوٹو: وکی میڈیا)

اس کے انٹریئر میں سونا بھی استعمال کیا گیا ہے جبکہ فرنیچر کے شاہ بلوط اور دوسری قیمتی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔

7: بوئنگ 787-8 بی بی جے


بوئنگ 787-8 بی بی جے میں 39 افراد سفر کر سکتے ہیں (فائل فوٹو: جیٹ ایڈوائزرز ڈاٹ کام)

اس کی قیمت  22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے اور یہ دنیا کے چند مہنگے ترین نجی جہازوں میں سے ایک ہے۔ اس کا اندرونی حصہ 24 مربع فٹ ہے اور اس میں 39 افراد سفر کر سکتے ہیں۔ اس میں ایک لگژری سویٹ بھی موجود ہے جبکہ فرش سنگ مرمر سے بنائے ہیں۔

6: بونگ  747-430

یہ بھی دنیا کے چند مہنگے ترین جہازوں میں شامل ہے اس کی قیمت 23 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے اور یہ برونائی کے سلطان حسن البقیہ کی ملکیت ہے۔ انہوں نے اس کو 10 کروڑ ڈالر میں خریدا تھا جبکہ اس کی اندرونی تزئین و آرائش اور دیگر سہولتوں کے لیے مزید 10 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے۔

برونائی کے سلطان حسن البقیہ کے پاس بونگ 747-430 جہاز رکھتے ہیں (فائل فوٹو: اکامیزڈ نیٹ)

اس کے اندر موجود لیونگ اور بیڈ رومز تک مختلف مقامات پر بڑی مقدار میں سونا استعمال کیا گیا ہے۔

5: ایئربس A340-300

اس کی قیمت 35 کروڑ سے 50 کروڑ ڈالر تک ہے یہ روسی ارب پتی الیشیر اسمانوف کی ملکیت ہے۔

ایئربس A340-300 کی قیمت 35 کروڑ سے 50 کروڑ ڈالر تک ہے (فائل فوٹو: اڈاگولڈ ڈاٹ کام)

اس کی بنیادی قیمت 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی تاہم سجاوٹ اور ٹیکنالوجی کے آلات لگائے جانے کے بعد اس کی قیمت ساڑھے 35 کروڑ ڈالر تک پہنچی۔

4: بوئنگ انٹرکانٹیننٹل 747-8

اس کی قیمت 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے اور اس اندرونی حصہ چار ہزار آٹھ مربع فٹ پر مشتمل ہے۔

بوئنگ انٹرکانٹیننٹل 747-8 کا اندرونی حصہ چار ہزار آٹھ مربع فٹ پر مشتمل ہے (فائل فوٹو: ایئروکارنر)

اس میں آفس، بیڈ رومز، باتھ رومز اور کھانے کا کمرہ موجود ہے۔ جن کی ضرورت کے تحت میٹنگ روم یا کانفرنس ہال میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

3: ایئربس اے 380

یہ دنیا کے مہنگے ترین جہازوں میں شامل ہے جس کی قیمت 50 کروڑ ڈالر ہے یہ شہزادہ الولید بن طلال کی ملکیت ہے۔

ایئربس اے 380 کی قیمت 50 کروڑ ڈالر ہے اور یہ شہزادہ الولید بن طلال کی ملکیت ہے (فائل فوٹو: الرجل)

اس میں بینکوئٹ ہال، ترک حمام، نماز کے کمرے اور گیراج بھی شامل ہے جس میں دو کاریں بھی کھڑی کی جا سکتی ہیں۔

2: بوئنگ 747


بوئنگ 747 دنیا کا دوسرا مہنگا ترین جہاز ہے (فائل فوٹو: ڈیلی میل)

یہ دنیا کا دوسرے نمبر پر مہنگا ترین جہاز ہے جس کی قیمت 61 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے۔ یہ امریکی کمپنی بوئنگ نے بنایا ہے۔ اس میں کئی بیڈرومز اور ہالز ہیں جبکہ ایک ریسٹورنٹ بھی موجود ہے۔ یہ دنیا میں صرف ایک ارب پتی کے پاس ہے جس کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

1: ایئرفورس ون

66 کروڑ ڈالر کی قیمت رکھنے والا یہ جہاز امریکی حکومت کی ملکیت ہے جو کہ صدر کے زیراستعمال رہتا ہے۔ یہ تین منزلوں پر مشتمل ہے اور اس کا اندرونی رقبہ 4000 مربع فٹ ہے۔ اس میں 100 مسافر عملے کے 26 ارکان ایک وقت میں سفر کر سکتے ہیں۔

ایئرفورس ون امریکی حکومت کی ملکیت ہے جو صدر کے زیراستعمال رہتا ہے (فائل فوٹو: سی این این)

یہ 650 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑ سکتا ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجیز سے لیس ہے۔ اس میں ایک ہسپتال اور آپریٹنگ روم بھی شامل ہے جبکہ شہابیوں، زلزلوں اور ایٹمی ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک خاص انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس میں دوران سفر بھی ایندھن بھرا جا سکتا ہے۔

شیئر: