Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر ترقیاتی قرض دینے کا معاہدہ

سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ 24 کروڑ ڈالر کا ترقیاتی قرض دینے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
جمعے کو سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلطان عبدالرحمان المرشد نے دستخط کیے۔
اس موقع پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی بھی موجود تھے۔
سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے 24 کروڑ ڈالر مہمند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیر کے لیے دیا ہے۔
اس قرض کا مقصد پاکستان میں توانائی کی پیدوار، زراعت کے لیے پانی اور سیلاب سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
بیان کے مطابق مہمند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ہے، جس سے 800 میگا واٹ بجلی اور 16 لاکھ کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔
مہمند ڈیم کے ذریعے خیبر پختونخوا میں زیر کاشت رقبے میں 6773 ہیکٹر کا اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے کہا کہ اس قرض کا مقصد پاکستان کی سماجی اور اقتصادی خوشحالی میں معاونت کرنا ہے۔
سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ اب تک 1.4 ارب ڈالر مالیت کے 41 منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
 سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ 2019 سے 2023 تک پاکستان کو 5.4 ارب ڈالر کا ایندھن موخر ادائیگی پر فراہم کر چکا ہے۔ؤ

شیئر: