Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور پاکستان کی اعلیٰ رابطہ کونسل کے قیام کا معاہدہ ہوگا‘

پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدے ہوں گے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو میں نواف سعید المالکی  نے کہا کہ سب سے اہم معاہدہ سعودی عرب اور پاکستان کی اعلیٰ رابطہ کونسل کے قیام کا ہوگا۔
کونسل میں سعودی عرب کی طرف سے قیادت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات منفرد اور اعلی سطح کے ہیں۔
نئے معاہدوں سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ سعودی عرب اور پاکستان کو جوڑنے والے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔
خیال رہے وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر آج جمعے کو تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی کابینہ کے ارکان وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز بدھ کو روز جدہ پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورے میں جن شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونا ہیں ان میں گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی، نیشنل سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل، وزارت داخلہ اور وزارت ثقافت اور اطلاعات کے حوالے سے معاہدے شامل ہیں۔

شیئر: