آئیے جانتے ہیں کہ سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی یہ چار ہندی فلمیں کون سی ہیں۔
پٹھان
رواں برس کے آغاز میں بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ہی تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔
پٹھان شاہ رخ خان کی چار سال کے وقفے کے بعد ریلیز ہونے والی فلم تھی جس نے باکس آفس پر خوب راج کیا۔
فلموں کی ویب سائٹ بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق پٹھان نے انڈیا بھر سے 543 کروڑ روپے کمائے ہیں جس کے بعد وہ اب تک کی سب سے کامیاب انڈین فلم بن گئی ہے۔
پٹھان کی کہانی ایک ایسے ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے جو ایک غدار خفیہ ایجنٹ کے مشن سے اپنے ملک کو بچاتا ہے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی ایکشن سے بھرپور اس فلم میں شاہ رخ خان، جان ابراہم، دپیکا پاڈوکون، آشوتوش رانا اور ڈِمپل کپاڈیا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
باہو بلی: دی کنکلوژن
باہو بلی: دی کنلکوژن یا باہو بلی ٹو 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’باہو بلی دی بگیننگ‘ کا دوسرا حصہ تھی جسے 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
تاریخی نوعیت کی اس فلم نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی اور پٹھان سے قبل سب سے زیادہ کاروبار کرنے کا ریکارڈ بھی اسی فلم کے پاس تھا۔
یہ جنوبی انڈیا کی تیلگو انڈسٹری کی فلم ہے جس کے ہندی ورژن نے انڈیا بھر سے 510 کروڑ روپے کمائے تھے۔
یہ فلم معروف تیلگو ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی نے بنائی تھی جس کی کاسٹ میں پربھاس، انوشکا شیٹھی، رانا دگوبتی، تمنا اور رامیا کرشنن شامل تھے۔
کے جی ایف چیپٹر ٹو:
کے جی ایف چیپٹر ٹو گزشتہ سال ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر کنڑ فلم تھی۔
یہ فلم 2018 میں کنڑ فلم انڈسٹری کی ریلیز ہونے والی فلم کے جی ایف چیپٹر ون کا دوسرا پارٹ تھا۔
اس فلم کے ہندی ورژن نے انڈیا بھر سے 434 کروڑ روپے کمائے تھے۔
شاہ رخ خان کی پٹھان سے پہلے اپنی ریلیز کے پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے کا ریکارڈ بھی کے جی ایف چیپٹر ٹو کے پاس تھا جس نے پہلے روز 53 کروڑ کمائے تھے۔
کے جی ایف چیپٹر ٹو کی مرکزی کاسٹ میں یش، سری ندھی شیٹھی، سنجے دت اور روینا ٹنڈن شامل تھے جبکہ اسے پراشانت نیل نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
دنگل
دنگل 2016 میں ریلیز ہونے والی بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی آل ٹائم بلاک بسٹر فلم ہے۔
سپورٹس نوعیت کی اس فلم کی کہانی ریسلنگ کرنے والی دو بہنوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنے والد کے بھرپور تعاون سے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتتی ہیں۔
دنگل نے انڈیا بھر سے 387 کروڑ روپے کمائے تھے۔
نتیش تیواری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں عامر خان، فاطمہ ثنا شیخ، ثانیہ ملہوترا، سوہانی بھٹ نگر، زائرہ وسیم اور ساکشی تَنوَر شامل تھے۔