پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ جلد ہو جائے گا: ڈائریکٹر آئی ایم ایف
پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے ملک میں میکرو اکنامک استحکام لانے کے لیے حکومت کے ویژن پر بات کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے اور مشن پاکستان کے معاشی استحکام میں مثبت کردار کردار ادا کرے گا۔
بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد سے آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازور کی ٹیم کے ساتھ زوم پر میٹنگ کی۔
دونوں اطراف نے آئی ایم پروگرام کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بات چیت کی۔ خاص طور پر آئی ایم ایف وفد کے پاکستان دورے کے دوران طے پانے والے امور پر عملدرآمد کے حوالے سے بات کی گئی۔
جہاد ازور نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ معاہدے کی منظوری دے گا۔
’انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گا اور بروقت آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرے گا، اور آئی ایم ایف پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے امریکہ کا دورہ اس لیے منسوخ کیا کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ ضروری امور کی انجام دہی کے لیے ملک میں رہنے کا کہا۔
‘وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی ٹیم کو پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے ملک میں میکرو اکنامک استحکام لانے کے لیے حکومت کے ویژن کے بارے میں بات کی۔‘
پریس ریلیز کےمطابق ’اسحاق ڈار نے بتایا کہ نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی شرائط پوری کی جا چکی ہیں اور پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیے گئے معاملات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے دور میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا گیا۔‘