آئی ایم ایف پروگرام کے لیے امارات کی پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے کی تصدیق: اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے ’آئی ایم ایف پروگرام کے نویں ریویو کے حوالے سے اپڈیٹ‘ جاری کی۔ فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے عالمی مالیاتی فنڈ کو تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان کو دو طرفہ مالی تعاون کے تحت ایک ارب ڈالر دیں گے۔
جمعے کو ایک بیان میں اسحاق ڈار نے ’آئی ایم ایف پروگرام کے نویں جائزے کے حوالے سے اپڈیٹ‘ جاری کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سٹیٹ بینک اب متحدہ عرب امارات کے حکام سے ڈیپازٹ لینے کے لیے ضروری دستاویزات مکمل کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ چین کی جانب سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے منظور کیے گئے قرض میں سے 30 کروڑ ڈالر کی قسط آج موصول ہو رہی ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے کہا تھا کہ ان کا ادارہ پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کے ساتھ موجودہ پروگرام مکمل کرنے کے لیے اضافی مالی مدد کی یقین دہانیوں کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے۔
جمعرات کو واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کرسٹالینا جیورجیوا کا کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت پاکستانی کی مدد کرنے والے (ممالک) سے اضافی سپورٹ سے متعلق مالی یقین دہانیوں پر بات چیت کر رہے ہیں تاکہ موجودہ پروگرام مکمل کیا جا سکے۔‘
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ اچھی نیت کے ساتھ پاکستانی حکام نے جن نکات پر اتفاق کیا ہے ان پر عمل درآمد ہو گا اور موجودہ پروگرام مکمل ہو جائے گا۔‘