روٹی کےلیے جوآٹا استعمال کیاجارہا تھا وہ انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے غیرقانونی تندورکوسیل کردیا۔ مالکان کے خلاف بغیرلائسنس اورحفظان صحت کے خلاف کام کرنے پرمقدمہ درج کردیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق المسفلہ بلدیہ کی ٹیموں نے علاقے میں قائم ایک تندورپرچھاپہ مارا جہاں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روٹیاں پکائی جارہی تھی۔
بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ تندورمیں کام کرنے والے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے تھے ۔ تندورمیں روٹیوں کے لیے تیارکردہ آٹا جس جگہ گوندا جاتا تھا وہاں صفائی نہیں تھی جبکہ آٹا بھی انتہائی غیرمعیاری اورانسانی استعمال کے قابل نہیں تھا۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے روٹی پکانے کے لیے گوندا گیا غیرمعیاری آٹا ضبط کرکے اسے تلف کردیا جبکہ تندورکو سیل کردیا گیا۔
بلدیہ کے ذمہ دار کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ حفظان صحت سے متعلق تفتیشی ٹیمیں مارکیٹوں کا مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں تاکہ غیرقانونی طورپرکام کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
واضح رہے بلدیہ کے ادارہ صحت کی جانب سے تمام تندورمالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ گرم روٹی کوپلاسٹک کی تھیلیوں میں نہ رکھیں۔
روٹی رکھنے کےلیے کاغذکے تھیلے استعمال کیے جائیں۔ مقررہ قواعد کی خلاف ورزی پربھی بلدیہ کی جانب سے چالان کیاجاتاہے۔