بلدیہ طائف کا آپریشن، 200 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ
بلدیہ طائف کا آپریشن، 200 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ
جمعرات 23 مارچ 2023 21:45
طائف میونسپلٹی میں رمضان کے پہلے ہی روز 200 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
طائف کی بلدیاتی کونسلوں نے ہر برس کی طرح رواں سال بھی رمضان میں روایتی کھانوں کی طلب بڑھ جانے کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کردیا۔ پہلے ہی روز 200 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ ’رمضان کے دوران ایسے پکوان مارکیٹ میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی جو حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرکے تیار کیے گئے ہوں اور جن کی تیاری میں غیر معیاری سامان کا استعمال کیا گیا ہو۔‘
طائف میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’11 بلدیاتی کونسلوں کے تفتیشی افسران رمضان بازاروں، ریستورانوں، عارضی اور مستقل دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔‘
طائف کے میئر انجینیئر ناصر الرحیلی نے تاکید کی کہ ’حفظان صحت کے منافی سرگرمیوں کو پوری قوت سے روکا جائے گا۔‘
’ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور سیاحوں کو کھانے پینے کی تمام معیاری اشیا مہیا ہوں اور پکوان تیار کرنے والے حفظان صحت کی بھرپور پابندی کر رہے ہوں۔‘
الرحیلی نے توجہ دلائی کہ میونسپلٹی قرن المنازل میقات اور وادی محرم میقات پر مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔
یہ وہ مقامات ہیں جہاں سے سعودی عرب کے جنوبی، مشرقی اور وسطی علاقوں کے مقامی باشندے اور تارکین وطن عمرے کے لیے مکہ کا رخ کرتے ہیں۔ قرن المنازل میقات، السیل الکبیر اور وادی محرم میقات الھدا میں واقع ہیں۔