سعودی عرب، امارات اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، سوڈان کی صورتحال پر غور
وزرائے خارجہ نے فریم ورک معاہدے کی جانب واپسی پر زور دیا ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ رابطے کے دوران سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تینوں وزرائے خارجہ نے فوجی کشیدگی کے خاتمے اور فریم ورک معاہدے کی جانب واپسی پر زور دیا ہے۔
فریم ورک معاہدہ جو سوڈان اور اس کے عوام کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دیتا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب نے سوڈان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔
سنیچر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں متحارب فریقین سے ضبط وتحمل سے کام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ’ فریقین مسلح تنازعات کے بجائے بات چیت کا انتخاب کریں۔‘
خرطوم میں سعودی سفارت خانے نے سعودی شہریوں کو گھروں میں رہنے اور ہنگامی صورتحال میں سفارتخانے سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے بھی سوڈان میں تمام فریقوں سے کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے اور موجودہ بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ فوج کے ساتھ جھڑپوں کے بعد سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آر ایس ایف نے فوج کی جانب سے پہلے حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
سوڈان کی ڈاکٹروں کی ایک تنظیم کے مطابق جھڑپوں میں تین شہری ہلاک ہوئے ہیں۔