Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھ سعودی کمپنیاں 30 فن ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل

مصر اور سعودی عرب فہرست میں 46 فیصد کے حصہ دار ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
فوربز نے سعودی عرب کی چھ کمپنیوں کو مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ کے خطے میں سب سے اوپر 30 فن ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق اس فہرست میں مصر آٹھ کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بالترتیب چھ اور پانچ کمپنیوں کے ساتھ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ مصر اور سعودی عرب اس فہرست میں 46 فیصد کے حصہ دار ہیں جبکہ بقیہ سات ممالک نے 54 فیصد حصہ ڈالا۔
کویت کی پانچ جب کہ اردن کی دو فن ٹیک کمپنیاں اس فہرست میں شامل تھیں۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ فوربز نے 2022 میں ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ان کمپنیوں کی جانب سے ادا کی گئی رقم پر غور کر کے اس فہرست کو تیار کیا۔
اس فہرست کی تیاری کے دوران فوربز کی جانب سے جن دیگر عوامل پر غور کیا گیا ان میں ایپ ڈاؤن لوڈز اور صارفین کی تعداد، جغرافیائی موجودگی، سالانہ ترقی، اختراع، اثرات، قیمتوں کا تعین اور وینچر کیپیٹلسٹ سے فنڈنگ شامل ہیں۔
بینکنگ ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے لیے مصر کی فاری کمپنی 2023 کی درجہ بندی میں سرفہرست رہی۔ اس کے بعد اردن کی میڈفٹکام اور یو اے ای کی اوپٹاسیہ ای پیمنٹس دوسرے نمبر پر رہی۔
 اس فہرست میں تیسری قدیم ترین کمپنی ہے اور 21 مارچ 2023 تک اس کی مارکیٹ ویلیو 542 ملین ڈالر تھی۔ 2022 میں کمپنی کی آمدنی 37.5 فیصد سے بڑھ کر 75 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
خریداری اور مالیاتی خدمات کی ایپلی کیشن تابی جس کا صدر دفتر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ہے اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔
فوربز کی اس فہرست میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی فن ٹیک کمپنی مراکش میں قائم ایچ پی ایس ہے۔ اس کی بنیاد 1995 میں رکھی گئی تھی جب کہ
سب سے کم عمر  کمپنی یو اے ای کی وائیو اے پی ہے۔
وائیو اے پی نے اپنے آغاز کے بعد سے تقریباً دو لاکھ صارفین اور دس ہزار سے زیادہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کے لیے 45 ملین ڈالر اکھٹے کیے ہیں۔
سعودی وینچر کیپٹل کمپنی نے مارچ کے شروع میں 80  ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے ’انویسٹمنٹ ان فن ٹیک وی سی فنڈ‘  میں سرمایہ کاری کا آغاز کیا۔
ایس وی سی کا مقصد خطے میں وینچر کیپیٹل اور پرائیویٹ ایکویٹی فرموں کی پشت پناہی کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے سے لے کر ابتدائی عوامی پیشکش تک سٹارٹ اپس اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کے لیے فنانسنگ کی حوصلہ افزائی اور اسے برقرار رکھنا ہے۔

شیئر: