زلمے خلیل زاد کی سابق صدر زرداری پر تنقید، ’کسی شخص یا ملک کے لیے لابی نہیں کرتا‘
زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے سابق سفارتکار زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ ’کسی شخص یا ملک کے لیے لابی نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں۔‘
اتوار کو ٹوئٹر پر پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کے ایک حالیہ انٹرویو کے ردعمل میں افغانستان کے لیے امریکہ کے سابق خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کہا کہ وہ پاکستان کے ’مسٹر 10 پرسنٹ‘ کو جواب دے رہے ہیں۔
زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا جو بدقسمتی سے شدت اختیار کر رہا ہے اور تجویز دی کہ اس صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔
’مسٹر 10 پرسنٹ کو ملک کو سب سے پہلے رکھنا چاہیے اور بی بی کی سیاسی وراثت کا احترام کرنا چاہیے تاکہ ایسی تباہی کو روکا جا سکے جو 220 ملین افراد کو نقصان دے گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’زرداری جیسے دیگر کئی افراد کے برعکس پاکستانی عوام بیرون ملک پرتعیش گھروں کے مالک نہیں جہاں وہ بھاگ سکتے ہیں۔‘
ٹوئٹر بیان میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور ملک کے سیاسی رہنماؤں کو قانون کی حکمرانی کا عہد کرنا چاہیے اور سپریم کورٹ کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔‘
جمعے کو نجی ٹی وی جیو نیوز کے ایک ساتھ انٹرویو میں سابق صدر آصف علی زرداری نے زلمے خلیل زاد کو ایجنٹ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ انہیں کسی لابی فرم نے ہائر کیا۔
زلمے خلیل زاد کے ٹویٹ پر پیپلز پارٹی کے رہنما سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔