سوڈان میں فوج اور حریف پیرا ملٹری فورس میں دوسرے روز بھی لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے جن میں ایک انڈین شہری بھی شامل ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ڈاکٹروں کی تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہنگاموں میں زخمی ہونے والے تعداد تقریباً 595 ہے۔
خیال رہے سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ فورس (آر ایس ایف) نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوٰی کیا تھا جبکہ فوج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
-
خرطوم میں درجنوں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگNode ID: 619596
بعدازاں روئٹرز کی جانب سے بتایا گیا کہ آر ایس ایف نے فوج پر پہلے حملہ کرنے کا الزام لگایا اور شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر قبضے کا دعوٰی بھی کیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے سنیچر کی رات بیان جاری کیا جس میں بتایا تھا کہ سوڈان کی سکیورٹی صورت حال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جہاں تقریباً ایک ہزار پاکستانی خرطوم میں موجود ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی مشن اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔
سوڈان میں انڈین شہری البرٹ اندھی گولی کا نشانہ بنے: سفارت خانہ
سوڈان میں انڈین سفارت خانے کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ وہاں ایک انڈین شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
صبح ساڑھے 10 انڈین سفارت خانے کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈیا سے تعلق رکھنے والے البرٹ آگسٹن ایک اندھی گولی کا نشانہ بنے۔ وہ سوڈان میں ایک مقامی کمپنی میں کام کرتے تھے۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’البرٹ آگسٹن کی فیملی اور میڈیکل حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور آگے کے لیے معاملات طے کیے جا رہے ہیں۔‘
سعودی پریس ایجنسی نے بتایا تھا کہ سعودی عرب، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ رابطے میں سوڈان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔