سعودی وزیر خارجہ کا سوڈانی ملٹری سربراہوں سے رابطہ، کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ
اتوار 16 اپریل 2023 20:38
سعودی عرب سوڈان میں حالات کو پرسکون بنانے کے حق میں ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کلو سوڈان کی عبوری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان اور نائب صدر جنرل محمد حمدان دقلو سے ٹیلیفون پر علیحدہ علیحدہ رابطے کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز(آر ایس ایف) کے سربراہوں سے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال اور سوڈان میں فوجی کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’سعودی عرب سوڈان میں حالات کو پرسکون بنانے کے حق میں ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ تمام فریق قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ ہر طرح کی عسکری محاذ آرائی بند کریں تاکہ سوڈان اور سوڈانی بھائیوں کے مسائل اور کامیابیوں کا تحفظ کیا جاسکے‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران اس بات پر زوردیا کہ ’تمام فریق اصولی معاہدے کی پابندی کریں۔ یہی سوڈان اور اس کی عوام کے امن و استحکام کا ضامن ہے‘۔
یاد رہے کہ سوڈان میں فوج نے لڑائی کے دوسرے روز اتوار کو حریف پیرا ملٹری فورس کے اڈوں پر فضائی حملے کیے ہیں اور اقوام متحدہ کے تین کارکنوں سمیت ہلاکتوں کی تعداد 59 ہو چکی ہے، جبکہ 595 افراد زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ فورس (آر ایس ایف) نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوٰی کیا تھا جبکہ فوج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔