Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک کا نیا تجربہ، ٹوئٹر نے تمام اکاؤنٹس سے مفت بلیو ٹِک واپس لے لیے

سبسکرپشن پلان حاصل کرنے والوں کو ہی بلیو ٹک جاری کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نئے سربراہ ایلون مسک کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو جاری کیے گئے بلیو ٹِک ہٹانا شروع کر دیے ہیں۔
ٹوئٹر نے بلیو ٹک صحافیوں، سرکاری عہدیداروں، تنظیموں، مختلف اداروں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس کی تصدیق کے بعد مفت جاری کیے تھے۔ 
ویسے تو ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے آئے روز کوئی نہ کوئی نیا تجربہ کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن بلیو ٹک کا ہٹ جانا صارفین کے لیے بہت بڑی تبدیلی ہے۔
ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے بعد سے معروف امریکی گلوکارہ بیونسے اور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈلو کے علاوہ بالی وڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکاروں کے اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا اور کرکٹر وراٹ کوہلی کے علاوہ دیگر معروف شخصیات سے بلیو ٹک واپس لے لیا گیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی اور ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل بل گیٹس کے اکاؤنٹ پر سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔
جبکہ چند ایسی بھی شخصیات ہیں جن کی ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ایلون مسک خود ادا کر رہے ہیں۔ ان میں امریکی مصنف سٹیفن کنگ، امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبران جمیز اور کنیڈین اداکار ولیم شینٹر شامل ہیں۔
بلیو ٹک ہٹ جانے کے بعد کسی بھی اکاؤنٹ کے اصلی ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے 11 اپریل کو ٹویٹ کیا تھا کہ 20 اپریل کو تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کی سہولت واپس لے لی جائے گی۔
ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ بلیو ٹک حاصل کرنے کے لیے سبسکرپشن لینا پڑے گی جس کے لیے ماہانہ یا سالانہ فیس ادا کرنا پڑے گی۔
بلیو ٹِک مارک انہی اکاؤنٹس کو جاری کیا جائے گا جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہوا ہے۔
ہر ملک کے صارفین کے لیے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی گئی ہے۔ امریکہ میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا اینڈروئیڈ موبائل فونز پر ماہانہ 11 ڈالر یا سالانہ 114.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جبکہ ویب پر استعمال کے لیے 8 ڈالر ماہانہ اور 84 ڈالر سالانہ ہے۔ 
جبکہ پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کے لیے 23 ہزار 700 روپے اور ماہانہ پلان کے لیے 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
ٹوئٹر نے کاروباری اداروں اور تنظیموں کے لیے علیحدہ پروگرام لانچ کیا ہے جس کے تحت انہیں تصدیقی بیج حاصل کرنے کے لیے ماہانہ ایک ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
مختلف برانڈز، کمپنیوں اور غیر منافع بخش تنظیموں کو گولڈن بیج جبکہ حکومتی اداروں کو گرے بیج جاری کیا جائے گا۔
ٹوئٹر نے سال 2009 میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو مفت بلیو ٹِک جاری کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔

شیئر: