Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واش رُومز میں خرابی، نیو یارک روانہ ہونے والا جہاز دو گھنٹے بعد ہی واپس آگیا

بوئنگ 777 کی اس پرواز میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے اور اس کا دورانیہ آٹھ گھنٹے تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹرین ایئرلائنز کے ایک جہاز کو واش رُومز خراب ہونے کے باعث ویانا سے نیویارک جانے والی پرواز کے دو گھنٹے بعد ہی واپس آنا پڑ گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ویانا سے نیو یارک کے لیے روانہ ہونے والی فلائٹ کے عملے کو دو گھنٹے بعد علم ہوا کہ طیارے کے آٹھ میں سے پانچ واش رُومز خراب ہیں۔
پیر کے روز روانہ ہونے والی بوئنگ 777 کی اس پرواز میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے اور اس کا دورانیہ آٹھ گھنٹے پر محیط تھا۔
ایئرلائن کی ایک ترجمان نے منگل کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ ’جہاز کے عملے کو دوران پرواز تکنیکی خرابی کے بارے میں معلوم ہوا۔‘
’تکنیکی خرابی کی وجہ سے واش رُومز کا فلش سسٹم ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہا تھا تو اس کے بعد پرواز کو واپس ویانا موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’ان کی اطلاع کے مطابق اس سے قبل آسٹریوی ایئرلائنز کی فلائٹ میں اس قسم کا مسئلہ کبھی سامنے نہیں آیا۔‘
ایئرلائن کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاز کی تکنیکی خرابی دُور کر دی گئی ہے اور اس کی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔‘
واضح رہے کہ آسٹرین ایئرلائنز کی اس پرواز میں تکنیکی خرابی کے بعد مسافروں کو ویانا سے دوسری پروازوں کے ذریعے اُن کی منزل پر پہنچایا گیا۔

شیئر: