اسمگلنگ کے الزام میں 4 غیرملکیوں کوحراست میں لے لیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
محکمہ انسداد منشیات کی ٹیم نے جدہ پورٹ پرمنشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ لاکھوں کی تعداد میں نشہ آورگولیاں انار کی شپمنٹ میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان میجرمروان الحازمی نے بتایا کہ جدہ اسلامی بندرگاہ پرآنے والی شپمنٹ جس میں انار اورسبزیاں لائی جارہی تھیں کا معائنہ کرنے پرمعلوم ہوا کہ اناروں کی پیٹیوں میں نشہ آورگولیاں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ہیں۔
محکمہ کسٹم کے اہلکاروں نے انسداد منشیات کی ٹیموں کے تعاون سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ نشہ آورگولیوں کوضبط کرلیا گیا جن کی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ 29 ہزار تھی۔
میجرالحازمی نے مزید بتایا کہ نشہ آورگولیوں کی اسمگلنگ میں ملوث 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں دومصری جبکہ ایک شامی اورایک یمنی شامل تھا۔
ملزمان کے خلاف منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ درج کرنے انہیں پراسیکیوشن کے ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا جبکہ نشہ آورگولیاں محکمہ انسداد منشیات کے ادارے کے ذریعے تلف کرنے کےلیے روانہ کردی گئیں۔