ایئر انڈیا کا نئے جہازوں کے لیے ایک ہزار پائلٹس بھرتی کرنے کا فیصلہ
جمعرات 27 اپریل 2023 20:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گزشتہ سال جنوری میں ایئر انڈیا کو ٹاٹا گروپ نے خریدا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ایئر لائن ’ایئر انڈیا‘ نے 470 نئے جہازوں کا آرڈر دینے کے بعد ایک ہزار پائلٹس اور ٹرینرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ایئر انڈیا کے پاس ابھی 1800 سے زائد پائلٹس ہیں لیکن کمپنی نے بوئنگ اور ایئر بس کو 470 سے زائد نئے جہازوں کا آرڈر دیا ہے جس کے لیے انہیں نئے پائلٹس کی ضرورت ہے۔
جمعرات کے روز جاری ہونے والے اشتہار کے مطابق گزشتہ سال جنوری میں ایئر انڈیا کو ٹاٹا گروپ نے خریدا تھا۔
ایئر انڈیا کی جانب سے دیے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اپنے اے 320، بی 777، بی 787 اور بی 737 کے بیڑے میں کپتانوں، فرسٹ آفیسرز اور ٹرینرز کے لیے زیادہ مواقع فراہم کریں گے اور ترقی کی رفتار بھی بڑھائیں گے۔‘
خیال رہے ٹاٹا گروپ کی چار ایئر لائنز ہیں جس میں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، آے آئی ایکس کنیکٹ اور وستارا شامل ہیں۔
ٹاٹا گروپ ایئر انڈیا ایکسپریس اور اے آئی ایکس کنکٹ سمیت وستارا کو ایئر انڈیا میں ضم کرنے کا مرحلے میں ہے۔