دبئی میں عریبین ٹریول مارکیٹ نمائش،’سعودی کروز‘ کی شمولیت
چار روزہ نمائش کا آغاز یکم مئی سے ہو گا (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی کروز کمپنی دبئی میں چار روزہ 30 ویں عربین ٹریول مارکیٹ نمائش 2023 اے ٹی ایم میں شرکت کر ے گی۔ کمپنی سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی کروز کمپنی یکم مئی سے چار مئی 2023 تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹرمیں ہونے والی نمائش میں شریک ہوگی۔ 2022 کے مقابلے میں اس سال نمائش میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 27 فیصد زیادہ ہوگی۔
سعودی کروز کے ایگزیکٹیو چیئرمین لارس کلاسن کا کہنا ہے کہ ’عریبین ٹریول مارکیٹ سیر و سیاحت کی دنیا میں عالمی حیثیت کی مالک ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سیر و سیاحت کی دنیا میں نامور کمپنیوں کے ساتھ شرکت کرکے اچھے نتائج حاصل کیے جاسکیں گے‘۔
کلاسن کا کہنا تھا کہ ’سعودی کروز 2035 تک سمندری سیر و سیاحت کے حوالے سے 1.3 ملین افراد تک رسائی کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے‘۔
کلاسن نے کہا کہ ’سعودی عرب سٹراٹیجک محل وقوع کے باعث سیر وسیاحت کے اہداف کی تکمیل کرسکتا ہے۔ یورپ، ایشیا اورافریقہ کے 250 ملین افراد تین گھنٹے میں ہوائی جہازسے بحراحمریا خلیج عرب آسکتے ہیں‘۔
کلاسن نے کہا کہ ’سعودی کروز سعودی سمندری سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ عالمی معیار کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔ 2021 میں سعودی کروز نے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ دو موسم کامیابی کے ساتھ پورے کرلیے گئے ہیں ۔ ہم اپنے جہازوں سے سفر کرنے والے سیاحوں کو مملکت کے ایسے ساحلوں سے متعارف کرا رہے ہیں جن سے بین الاقوامی سیاح ابھی تک ناواقف ہیں‘۔