انڈونیشی امام پر تھوکنے والا آسٹریلوی شہری گرفتار، ’نسل پرستی کا شکار بنایا گیا‘
انڈونیشی امام پر تھوکنے والا آسٹریلوی شہری گرفتار، ’نسل پرستی کا شکار بنایا گیا‘
پیر 1 مئی 2023 7:27
آسٹریلوی شہری کو سوئیکارنو ہٹہ ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا (فوٹو: انتارا نیوز)
انڈونیشیا میں امام مسجد کے چہرے پر تھوکنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے آسٹریلوی شہری کو ایک سال سے زائد تک کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق واقعے کی مبینہ سی سی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس ویڈیو کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ برینٹن کریگ عباس عبداللہ مک آرتھر کی ہے جس میں ان کو باندوغ کی ایک مسجد کے امام بصری انور کے پاس جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں انہیں امام مسجد سے کچھ بات کرتے اور پھر ان پرتھوک پھینکتے ہوئے بھی یکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی نظر آ رہا ہے کہ 47 سالہ آرتھر نے بیس بال کیپ پہن رکھی ہے۔ واقعے کے بعد امام مسجد بھاگتے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ اس کے بعد آرتھر بھی مسجد سے نکل جاتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مک آرتھر بنیادی طور مغربی آسٹریلیا کے علاقے پرتھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا ویزہ ایکسپائرڈ ہو چکا تھا اور ان کو سوئیکارنو ہٹہ ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے ملک روانگی کے لیے جہاز پر سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
باندوغ کی مقامی پولیس کے سربراہ بودائی سارتونو کا کہنا ہے کہ ’ہم نے فوری طور پر امیگریشن حکام کو اسے روکنے اور ملک چھوڑنے کی اجازت نہ دینے کا کہا۔‘
ان کے مطابق ’ہم ان کو ایئرپورٹ سے ساتھ لے کر تفتیش کے لیے پولیس سٹیشن لے کر گئے۔‘
آسٹریلوی وزارت خارجہ کے مطابق گرفتار شہری کی مدد کے لیے تیار ہیں (فوٹو: روئٹرز)
انڈونیشیا کی مقامی نیوز ویب سائٹ کومپارن کا کہنا ہے کہ مک آرتھر کے ساتھ پولیس سٹیشن میں آسٹریلوی قونصلیٹ کے حکام بھی موجود تھے۔ ملک آرتھر کو ’توہین آمیز اور ناشائستہ عمل‘ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جس میں 14 ماہ تک کی سزا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ وہ نسل پرستی کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’تمام نسل پرست آنسو بہانا بند کریں۔ میں ایک مسلمان ہوں، اور یہ صرف نسل پرستی ہے کہ ایک غیرملکی کو دھمکیاں دی جائیں اور بزدلوں کی طرح ہنسا جائے۔‘
دوسری جانب امام مسجد انور نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ مک آرتھر لاؤڈ سپیکٹر پر قرآن کی تلاوت سے ڈسٹرب ہوئے تھے۔
آسٹریلیا کے ڈیپارٹمنٹ برائے خارجہ امور اور تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ انڈونیشیا میں پکڑے جانے والے اپنے شہری کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔