پٹنہ ۔۔۔۔راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالوپرساد یادو نے انکم ٹیکس کے چھاپوں، دہلی اور گڑگاؤں میں ان کی جائدادوں کے سروے پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو وارننگ دی کہ اگر اس میں ہمت ہے تو میری آواز خاموش کرکے دکھائے۔ساتھ خبردار بھی کیا کہ اگر میری آواز دبائی گئی تو ملک بھر میں کروڑوں لالو اٹھ کھڑے ہونگے۔ادھر جنتا دل یو نے جو بہار میں اس کے ساتھ ہے کہاکہ کم از کم ہماری طرف سے اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے یادوکی جائدادوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لالوبھی وقفے وقفے سے ٹویٹر پر بی جے پی پر حملے کرتے رہے ہیں۔انہوں نے خود کو ناقابل شکست قراردے رکھاہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نہ تو تھکتا ہوں اور نہ ہی ہار مانتا ہوں۔انہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ زیادہ لار مت ٹپکاؤ گٹھ بندھن اٹوٹ ہے۔لالو پرساد کی املاک پر چھاپوں کے خلاف آر جے ڈی کارکنوں نے پٹنہ میں بی جے پی کے دفتر پر پتھر اؤکیا اور نعرے بازی کی۔