Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا ضرور جانا چاہیے: شاہد آفریدی

انڈیا نے ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے لیے انڈیا جانا چاہیے۔
سنیچر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا ہمیشہ سے یہ یقین ہے کہ آپ خود کو اپنے پاؤں پر اس مضبوطی سے کھڑا کرو کہ دوسروں کو آنکھیں دکھا سکو۔
انہوں نے کہا کہ ’ایشیا کپ الگ ہے اور آئی سی سی کا ایونٹ (ورلڈ کپ 2023) الگ ہے، اس کے لیے منع کرنا مشکل ہو جائے گا۔ پاکستان کو جانا چاہیے اور ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ انڈیا سکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آنا چاہتا اور اس نے پورے ٹورنامنٹ کے لیے نیوٹرل وینیو کی تجویز دی ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر انڈیا پاکستان نہیں آتا تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا نہیں جائے گا۔
اس سوال پر کہ ورلڈ کپ کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو نیا کپتان بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’یہ تو کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہے کہ کسے کپتان اور کسے نائب کپتان بنانا ہے لیکن مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے لیں۔‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’کل پرسوں کا سوچ کر فیصلہ نہ کریں، سال دو سال کے پلان کے حساب سے فیصلہ لیں۔‘
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے (کپتانی کے حوالے سے) نہیں پتا، وہ شاہین کو بنائیں یا رضوان کو بنائیں لیکن ہمیں سنیارٹی کے حساب سے دیکھنا چاہیے، چاہے وہ رضوان کو بناتے ہیں یا شاداب کو بناتے ہیں یا کسی کو بھی بناتے ہیں۔
’میرے خیال میں تو نائب کپتان کا اعلان کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے، ایک کپتان ہے اسی کا ذہن بنا کر رکھیں اور اسی کو کھیلنے دیں۔‘

شیئر: