مغربی کنارے میں اسرائیلی حملہ، دو فلسطینی نوجوان ہلاک
مغربی کنارے میں اسرائیلی حملہ، دو فلسطینی نوجوان ہلاک
ہفتہ 6 مئی 2023 21:23
سینے، گردن اور پیٹ میں گولیاں لگنے سے دونوں نوجوانوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ فوٹو روئٹرز
مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں ہفتے کے روز اسرائیلی فورسز کے چھاپے کے دور اسرائیلی فائرنگ کے باعث دو فلسطینی نوجوان ہلاک ہو گئے۔
برطانیہ کی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی قابض فورسز کی گولی سے جاں بحق ہونے والے دو فلسطینیوں کو تلکرم شہر کے ثابت سرکاری ہسپتال پہنچایا گیا۔
وزارت صحت کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں فلسطینیوں کی عمریں 22 سال تھیں اور سینے، گردن اور پیٹ میں گولیاں لگنے سے دونوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے وضاحت دی گئی ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد 2 مئی 2023 کو مغربی کنارے کے علاقے ایونی حفتس میں کی جانے والی فائرنگ میں ملوث تھے جس کے دوران ایک اسرائیلی زخمی ہوا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ بردار دو افراد کو فائرنگ کے بعد علاقے سے فرار ہونے کی کوشش میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے آغاز میں پیش آنے والا یہ اندوہناک واقعہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان ایک سال سے جاری سرحد پار حملوں کے تبادلے اور تشدد کے واقعات کا حصہ ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں بار بار اسرائیلی چھاپوں کے بعد فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلیوں پر جوابی حملوں کا سلسلہ بھی دیکھا گیا ہے۔