اسرائیل فلسطین میں یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ روکے: یورپی یونین
اسرائیل فلسطین میں یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ روکے: یورپی یونین
بدھ 3 مئی 2023 7:49
یورپی یونین کے پالسی چیف اور اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کے درمیان ملاقات برسلز میں ہوئی (فوٹو: اے پی)
یورپی یونین کے پالیسی چیف جوزف بوریل نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ’یکطرفہ اقدامات‘ روکے کیونکہ اس سے فلسطین میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
فرانسسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطین میں پرتشدد واقعات کی نئی لہر کے بعد منگل کو جوزف بوریل اور اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کے درمیان ملاقات برسلز میں ہوئی۔
منگل کو جنگجوؤں نے غزہ کی جانب سے اسرائیل کی طرف راکٹ فائر کیے تھے جبکہ اسرائیلی ٹینکوں نے زیرحراست فلسطینی کی طویل بھوک ہڑتال کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد فلسطینی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
45 سالہ خضر عدنان کو تین ماہ قبل جنگجو گروپ سے رابطوں کے الزام پر مغربی کنارے سے حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے بھوک ہڑتال کر دی تھی۔
بوریل نے یورپی یونین کی جانب سے ایک بار پھر اسرائیلی حکام سے کہا کہ وہ یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں کیونکہ اس سے تشدد کی اس لہر میں اضافہ ہو سکتا ہے جو پہلے ہی بہت زیادہ ہے جبکہ ایسے اقدامات سے مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان قیام امن کے لیے ہونے والی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ سروس کی جانب سے ملاقات کے بعد بتایا گیا کہ اسرائیلی وزیر خالی ایلی کوہن نے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کے حوالے سے کیے جانے والا وعدہ پورا کرے۔
سروس کا کہنا ہے کہ ان کو خبردار کیا گیا کہ ’کوئی بھی ردعمل مناسب اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے فلسطین کی مقبوضہ علاقے میں صورت حال کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔
بوریل نے کوہن سے کہا کہ یورپی یونین اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنا چاہتی ہے اور انہیں امید ہے کہ اسی سال یورپی یونین کے حکام اور اسرائیل ایسوسی ایشن کونسل کے درمیان ملاقات ہو گی۔
انہوں نے اسرائیلی وزیر خارجہ پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب، لیگ آف عرب سٹیٹس اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ یورپی یونین کے کام کے حوالے سے ’بات چیت‘ کریں اور امن کے لیے ہونے والی کوششوں کو بحال کریں۔
یورپی یونین کی فارن سروس کے مطابق آج ایڈہاک کمیٹی کا اجلاس ہو گا جس میں فلسطین کی معشیت اور اداروں کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔