’اداکاروں کو کام انسٹاگرام فالورز کی تعداد دیکھ کر ملتا ہے‘
’اداکاروں کو کام انسٹاگرام فالورز کی تعداد دیکھ کر ملتا ہے‘
اتوار 7 مئی 2023 7:46
عنبرین پرویز
اداکارہ غنا علی جو شادی کے بعد سکرین سے دور ہو گئی تھیں وہ اب ایک مرتبہ پھر فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ہیں۔
غنا علی شو بز کی دنیا میں واپس تو آ رہی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ اپنی شرائط پر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اردو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں غنا علی نے اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بتایا کہ اس میں قوی خان اور عماد عرفانی جیسے اداکار نظر آئیں گے۔ غالباً قوی خان کی موت سے پہلے شوٹ ہونے والی یہ ان کی آخری فلم تھی۔
غنا علی کا کہنا تھا کہ اس فلم میں قوی خان نے ایسا کردار کیا ہے کہ جس کو دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔
’میرا کردار اس میں روٹین سے ہٹ کر اس لیے ہو گا کیونکہ میں نے ڈراموں میں زیادہ تر منفی کردار کیے اور اس فلم میں میرا کردار منفی نہیں ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ پوسٹ پروڈکشن کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہو رہی ہے، عید الاضحی یا اس کے فور ی بعد سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی۔
غنا علی سے جب پوچھا کہ کیا شوہر نے اداکاری چھوڑنے پر مجبور کیا تھا اسی لیے وہ سکرین نظر نہیں آئیں، اس پر انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر بہت زیادہ سپورٹ کرتے ہیں۔
’انہوں نے مجھے کبھی منع نہیں کیا۔ شادی کے بعد اداکاری کو کچھ وقت کے لیے چھوڑنا یا اس سے الگ ہونا میرا اپنا فیصلہ تھا۔‘
’شوہر نے مجھے بس دو باتیں کہی تھیں ایک یہ کہ تم اب میری عزت ہو جو بھی کرنا بس اس چیز کا خیال رکھنا کہ تمہارا نام میرے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اور دوسرا یہ کہ جو بھی کر رہی ہو کیا اپنی بیٹی کو بھی کرنے دو گی؟ یہ دونوں باتیں ذہن میں رکھ کر فیصلہ کرنا۔‘
غنا علی نے ڈرامہ انڈسٹری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جیسے ڈرامے بن رہے ہیں، ساس بہو کی کہانیوں میں اب وہ کام نہیں کریں گی اور نہ ہی کوئی منفی کردار کریں گی۔
’اب میری مرضی کے مطابق مجھے کام ملے گا تو ہی کروں گی ورنہ گھر بیٹھنا پسند کروں گی۔ مجھے ایسے کردار مل رہے تھے کہ جن کو کر کر کے میں خود بور ہونا شروع ہو گئی تھی۔ میں نے مسلسل کئی سال شوبز انڈسٹری کو یے اب مختلف کام کرنا ہے۔‘
’جو بھی ٹی وی پر کام ہو رہا ہے وہ ایک جیسا ہی ہے۔ ایک جیسی ایکٹنگ ہو رہی ہے۔ سوائے یمنہ زیدی یا عمران اشرف کے کون مختلف کام کر رہا ہے؟‘
’جس لڑکی کے شارپ فیچر ہوں وہ ولن اور جو سادہ ہو اس کو ہیروئین بنا دیا جاتا ہے۔ پہلے تو روزی روٹی کے لیے سمھجوتہ کرنا پڑتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہونے والا۔‘
ایک سوال کے جواب میں غنا علی نے کہا کہ اداکارہ ژالے سرحدی نے بالکل ٹھیک کہا ہے کہ اب انسٹاگرام کے فالورز دیکھ کر اداکاروں کو کام ملتا ہے۔
’میرے تو فالورز بھی زیادہ ہیں لیکن مجھے جو کام ملتا رہا اس کی کیا بات کروں۔ آرٹسٹس کو سائن کرنے والے مارکیٹ کے حساب سے دیکھتے ہیں اور آرٹسٹ آرٹ کے حساب سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا ’کہانیوں میں یکسانیت کو لے کر کچھ آرٹسٹ اگر احتجاج کریں گے تو کچھ روزی روٹی کی وجہ سے خاموشی اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے تو پھر کیا کیا جائے۔ میں کسی گروپ یا لابی کا حصہ نہیں ہوں نہ گھر بلا کر پارٹیاں کرتی ہوں جبکہ آج لوگ پارٹیاں کرتے ہیں تصاویر کھچوا کر سوشل میڈیا پر ڈالتے ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ اگر میرے نصیب میں کوئی کام ہو گا تومجھے مل جائے گا۔‘
’میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ایکٹیو نہیں ہوں۔ بس اپنے کام سے متعلقہ پوسٹس کرتی ہوں۔ سوشل میڈیا میرے لیے زندگی نہیں ہے۔‘
غنا علی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد ایک مثبت تبدیلی آئی ہے کہ کام سے جب گھر آتی ہیں تو کوئی انتظار کرنے والا ہوتا ہے۔
’دیکھ کر اچھا لگتا ہے کہ کوئی انتظار کر رہا ہے۔ آپ کے ساتھ کھانا کھانا چاہتا ہے۔ آپ کے بچے آپ کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں، یہ مخلص رشتے ہیں۔ میں شوبز کی دوستیوں پر یقین نہیں رکھتی۔ میری سلام دعا سب کے ساتھ ہے لیکن دوستی کسی کے ساتھ نہیں۔‘