Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے ہرا دیا

افتخار احمد 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔
اتوار کو کراچی میں ہونے والے میچ میں 300 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 47 ویں اوور میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افتخار احمد 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سلمان آغا نے 57 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلے اور رچن رویندرا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان مسلسل چار میچز جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اور اس کی پوری ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 

پاکستان کی اننگز

300 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور فخر زمان نے کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 29 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب شان مسعود سات رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ 
30 رنز کے سکور پر کپتان بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم ایک رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد محمد رضوان بھی اچھا کھیل پیش نہ کر سکے اور نو رنز کے بعد ہینری شپلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان 33 رنز بنانے کے بعد رچن رویندرا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ آغا سلمان نے 57 گیندوں پر 57 رنز بنائے لیکن وہ ہینری شپلے کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ شاداب خان صرف 14 رنز کے بعد ایڈم ملنے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسامہ میر نے کچھ دیر کریز پر گزارا لیکن وہ 20 رنز بنا کر رویندرا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ اس سے اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بھی پویلین لوٹ گئے۔ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد وسیم تھے انہیں اش سوڈھی نے بولڈ کیا جبکہ حارث رؤف صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

آغا سلمان 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 32 رنز پر اس وقت گری جب محمد وسیم نے ٹام بلنڈل کو 15 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
ان کے بعد ہینری نکولز بھی 23 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وِل ینگ نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
مارک چیپ مین نصف سینچری کے قریب پہنچے ہی تھے اور 43 رنز سکور کر چکے تھے کہ وہ بھی شاداب خان کا شکار بن گئے۔ کپتان ٹام لیتھم نے 58 گیندوں پر 59 بنائے جس کے بعد وہ اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کول میکونچی نے 26 رنز بنائے تھے کہ وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایڈم ملنے ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور صرف چار رنز ہی بنائے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
ہینری شپلے کے ساتھ بھی یہی ہوا۔ انہوں نے بھی ابھی تین رنز ہی سکور کیے تھے کہ وہ بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ رچن رویندرا کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے لیکن 28 رنز بنانے کے بعد وہ حارث رؤف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ آخری کھلاڑی اِش سوڈھی تھے جو دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل چار فتوحات کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے وِل ینگ نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کپتان بابر اعظم اپنے کیریئر کا 100 واں ون ڈے کھیل رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم 117 گیندوں پر 107 رنز بنا کر ایک روزہ میچز میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔
28 سالہ بیٹر نے نے 99 ایک روزہ میچز کی 97 اننگز کھیل کر یہ رکارڈ اپنے نام کیا اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 104 میچز کی 101 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔ انہیں اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان الیون
پاکستان کی جانب سے شان مسعود، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، وسیم جونیئر اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ الیون
نیوی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم، وِل ینگ، ٹام بلنڈل، ہینری نکلز، کول میکونچی، مارک چیپمین، ایڈم ملنے، ہینری شپلے، ایش سوڈھی اور میٹ ہینری شامل ہیں۔

شیئر: