متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرن نے کہا ہے کہ ’موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ دونوں ملکوں کی بڑی ترجیح ہے‘۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فرانس اور امارات کے درمیان سٹراٹیجک شراکت کے مختلف پہلووں اور تمام شعبوں میں سٹراٹیجک شراکت کا دائرہ وسیع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے ٹویٹ کیا کہ ’ فرانسیسی صدرسے پیرس میں دونوں ملکوں کے درمیان سٹراٹیجک شراکت پر تبادلہ خیال کیا۔ مختلف شعبوں میں سٹراٹیجک شراکت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اورمزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مشترکہ امنگوں پر بات چیت کی‘۔
علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے مشاورت، تعاون جاری رکھنے اور خطے میں استحکام و خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
فرانسیسی صدر نے ایلیزے محل میں اماراتی صدر کی آمد پر کہا کہ’ ہم پھر فرانس میں مل رہے ہیں۔ اس سے مجھے خوشی ہورہی ہے‘۔
اماراتی صدر نے شاندار استقبال پر فرانسیسی صد رکا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ اماراتی صدر فرانس کے دورے پر پیرس پہنچے تھے ان کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی ہے۔