Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ محمد بن زاید کا دورہ مصر، صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات

 باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر غور آئے۔( فوٹو: وام)
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بدھ کو قاہرہ کے الاتحادیہ محل میں ملاقات کی ہے۔
دونوں ملکوں کے صدور نے برادرانہ تعلقات، تعاون اور مشترکہ کوششوں، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو عروج کی نئی منزل تک لے جانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
 باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر غور آئے ہیں۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اس موقع پر کہا کہ’ امارات مشترکہ مفادات میں معاون ہر معاملے پر مصر کے ساتھ مشاورت اورتعاون جاری رکھنا چاہتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امارات اور مصر دونوں خطے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی میں معاون امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں‘۔ 
اماراتی صدرکا کہنا تھا کہ’ مصر اور امارات کے برادرانہ تعلقات مستحکم ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ محبت، احترام اور اعتبار کے رشتوں سے منسلک ہیں‘۔
’ چاہتے ہیں کہ دوطرفہ  تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے دونوں ملکوں کی امنگیں پوری ہوسکیں‘۔ 
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اماراتی صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ خود کو اپنے دوسرے گھر میں سمجھیں۔ امارات کے ساتھ  برادرانہ تعلقات فخر کا باعث ہیں‘۔ 
اماراتی صدر مصر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے بدھ کو قاہرہ سے روانہ ہوگئے صدر عبدالفتاح السیسی نے ایئرپورٹ پر انہیں رخصت کیا۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان مصر کے سرکاری دورے پر بدھ کو قاہرہ پہنچے تو الاتحادیہ محل میں ان کا سرکاری استقبال کیا گیا۔
دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے  گئے۔  اماراتی صدر کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔

شیئر: