سعودی طلبہ کی انٹرنیشنل سائنس فیئر میں شرکت کےلیے امریکہ روانگی
سعودی طلبہ کی انٹرنیشنل سائنس فیئر میں شرکت کےلیے امریکہ روانگی
ہفتہ 13 مئی 2023 22:16
سائنس اور انجینئرنگ کی ٹیم 70 ممالک کے ایک ہزار 800 طلبہ سے مقابلہ کرے گی(فوٹو: عرب نیوز)
35 طلبہ پر مشتمل سعودی سائنس اور انجینئرنگ ٹیم 12 سے 19 مئی تک امریکی شہر ڈیلاس میں ریجنیرون انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں حصہ لے رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ٹیم شاہ عبداللہ اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن فار گفٹڈنس اینڈ کریٹیویٹی (موھبہ) اور سعودی وزارت تعلیم کے تعاون سے حصہ لے رہی ہے۔
سائنس اور انجینئرنگ کی ٹیم تقریباً 70 ممالک کے ایک ہزار 800 طلبہ سے مقابلہ کرے گی۔
یہ 2007 کے بعد سے انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں مملکت کی مسلسل 17ویں شرکت ہے جو کہ وزارت تعلیم کے اشتراک سے موھبہ کی طرف سے منعقد کردہ سالانہ پروگرام کے حصے کے طور پر ہے۔
ٹیم کے اراکین کا انتخاب نیشنل اولمپیاڈ فار سائنٹیفک کریٹیوٹی ’ ابداع 2023 ‘ کے فاتحین میں سے کیا گیا جو مختلف پروگراموں میں سے ایک ہے جسے موھبہ ہونہار طلبہ کے لیے سالانہ پیش کرتا ہے۔
35 طلبہ کی ٹیم کا انتخاب ایک لاکھ 46 ہزار لڑکوں اور لڑکیوں میں سے کیا گیا جنہوں نے ابداع کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔
ریجنیرون انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر 2023 کے فائنلسٹ تقریباً نو ملین ڈالر کی مالیت کے لیے ایوارڈز، انعامات اور اسکالرشپ کے پورے ایونٹ کے دوران مقابلہ کریں گے۔
موھبہ کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امل بنت عبداللہ الھزاع کہا کہ ’سعودی ٹیم برائے سائنس اور انجینئرنگ مملکت کے ان اعلیٰ طلبہ کی نمائندگی کرتی ہے جو تربیت، قابلیت اور موھبہ کے پروگراموں میں شرکت کے طویل سفر کے بعد اس مرحلے پر پہنچے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی طلبہ کے پروگراموں نے انہیں انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر 2023 کے لیے کوالیفائی کیا ہے جس سے وہ اعلیٰ سائنسی اور تحقیقی سطح تک پہنچ سکیں۔
واضح رہے کہ سعودی طلبہ نے گزشتہ سال انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں 106 انعامات حاصل کیے تھے جن میں 69 گرینڈ ایوارڈز اور 37 خصوصی ایوارڈز شامل ہیں۔
سعودی ٹیم کے ارکان نے اس سال سعودی اور غیر ملکی ٹرینرز سے ٹریننگ حاصل کی جن میں مختلف شعبوں میں ماہرین تعلیم، ماہرین اور ثالث شامل ہیں۔