Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی متنازع ’سافٹ سگنل‘ کا قانون ختم کر رہی ہے؟

کرکٹ کے متنازع قانون ’سافٹ سگنل‘ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ختم کرنے کو تیار ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک بَز‘ کے مطابق جون میں شیڈول آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے بعد آئی سی سی انٹرنیشنل میچز میں ’سافٹ سگنل‘ کے قانون کو ختم کر دے گا۔
آسٹریلوی چینل فاکس سپورٹس کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے اس قانون کو دو سال قبل ختم کر دیا تھا جس کے بعد آئی سی سی بھی اس قانون کو ختم کرنے جا رہی ہے۔

سافٹ سگنل کیا ہے؟

کرکٹ میچ کے دوران جب آؤٹ کے فیصلے کو فیلڈ امپائر کی جانب سے ٹی وی امپائر (تھرڈ امپائر) کی جانب بھیجا جاتا ہے تو اُس وقت فیلڈ امپائر اپنی جانب سے ایک سافٹ سگنل دیتا ہے جس میں وہ اپنا فیصلہ بتا دیتا ہے کہ آیا ان کی نظر میں یہ آؤٹ ہے یا نہیں۔
فیلڈ امپائر کا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہوتا تاہم ٹی وی امپائر کے فیصلے پر فیلڈ امپائر کا فیصلہ اثر انداز ہو سکتا ہے۔
سافٹ سگنل کو کرکٹ مبصرین اور شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے باعث یہ قانون متنازع تصور کیا جاتا ہے۔
اس قانون کی رواں برس آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی میں نیو ایئر ٹیسٹ میچ کے دوران جانچ پڑتال کی گئی تھی جب جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر کی جانب سے آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین کے کیچ کو آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ قرار دیا تھا تاہم اسے ٹی وی امپائر رجرڈ کیٹل بورا نے ناٹ آؤٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گیند زمین پر لگی ہے۔
اسی طرح کا ایک اور واقعہ تین روز بعد پیش آیا جب آسٹریلوی کرکٹر سٹیو سمتھ نے سلپ میں جنوبی افریقی کپتان ڈین ایلگر کا کیچ کیا تھا جسے آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا جس پر ٹی وی امپائر نے بھی اُسے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا تھا۔
آئی سی سی نے سافٹ سگنل کے قانون میں ردوبدل کیا تھا جس کے تحت حتمی فیصلے کا اختیار ٹی وی امپائر کے پاس ہوگا۔
سڈنی ٹیسٹ میں دونوں متنازع فیصلوں نے کرکٹ حلقوں میں کھلبلی مچا دی تھی جس کے بعد سافٹ سگنل کو ختم کرنے کا مطالبات سامنے آئے تھے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ نے جنوری میں کہا تھا کہ ’میرے خیال سے سافٹ سگنل کو بالکل ختم کر دینا چاہیے۔‘
آسٹریلوی خاتون کھلاڑی میگن شوٹ نے کہا تھا کہ ’سافٹ سگنل کے قانون کو جانا ہوگا‘ جس پر انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس بھی متفق نظر آئے تھے۔
انگلش ٹیسٹ ٹٰیم کے کپتان نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’جب آن فیلڈ امپائر فیصلہ بھیجیں تو تھرڈ امپائر جس کے پاس ہر قسم کی ٹیکنالوجی ہے، اسے فیصلہ کرنے دیں۔‘
اسی طرح دو برس قبل انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی نے بھی سافٹ سگنل کے قانون پر تنقید کی تھی۔
 2021 میں انہوں نے کہا تھا کہ ’مجھے نہیں سمجھ آتی کہ امپائر یہ کیوں نہیں کہہ سکتے کہ مجھے نہیں پتا۔ یہ فیصلے کھیل کو تبدیل کر سکتے ہیں۔‘
واضح رہے آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 7 جون سے لندن کے اوول سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: