Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف ڈرامہ نگار اور اداکار شعیب ہاشمی انتقال کر گئے

پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار، اداکار اور پروفیسر شعیب ہاشمی انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق شعیب ہاشمی طویل عرصے سے علیل تھے۔ وہ فالج کا شکار تھے اور ایک دہائی سے بستر پر تھے جس کے بعد وہ پیر کے روز لاہور میں انتقال کر گئے۔
1935 میں پیدا ہونے والے شعیب ہاشمی پاکستان کے مشہور شاعر فیض احمد فیض کے داماد تھے جن کی شادی ان کی بیٹی سلیمہ ہاشمی سے ہوئی تھی۔
معروف اداکار عدیل ہاشمی شعیب ہاشمی کے بیٹے ہیں۔
شعیب ہاشمی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے اکنامکس میں ایم اے کیا اور پھر لندن سکول اف اکنامکس (ایل سی ای) سے انہوں نے ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے لندن کے رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس میں تھیٹر کی تعلیم بھی حاصل کی۔
انہوں نے کئی برس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور لاہور سکول آف اکنامکس میں اکنامکس پڑھائی۔
اس کے علاوہ 1970 کے دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے لیے کئی کامیڈی سیریل لکھے جس میں بچوں کی تعلیم کے لیے بنائے جانے والا خاص پروگرام ’اکڑ بکڑ‘، سچ گپ، ٹال مٹول اور بالیلا شامل ہیں۔
وہ پاکستانی اخبار دی نیوز انٹرنیشنل میں ہفتہ وار کالم ’ٹال مٹول‘ بھی لکھتے رہے ہیں۔
ان کی فنون لطیفہ اور ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے  انہیں پرائڈ آف پرفارمنس اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا۔
ان کی وفات پر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے قلم سے روشن اقدار، روایات اور نظریات کو فروغ ملا۔ ان جیسے قلم کار اور دانشور نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا۔‘

شیئر: