’ایورسٹ مین‘: 27 ویں مرتبہ بلند ترین چوٹی سر کرنے والا نیپالی کوہ پیما
’ایورسٹ مین‘: 27 ویں مرتبہ بلند ترین چوٹی سر کرنے والا نیپالی کوہ پیما
بدھ 17 مئی 2023 9:04
کامی ریتا بیس سالوں میں 27 مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
نیپالی کوہ پیما کامی ریتا شرپا نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ 27 ویں مرتبہ سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کوہ پیمائی مہم کے منتظم منگما شرپا نے بتایا کہ کامی شرپا ویت نام سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما کی رہنمائی کرتے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ سر کرنے کا اعزاز سال 2018 سے 53 سالہ کامی شرپا کے پاس ہے جب انہوں نے 22 ویں مرتبہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کی تھی۔
’ایورسٹ مین‘ کہلائے جانے والے کامی ریتا شرپا گزشتہ بیس سالوں سے مہم جوئی کے دوران کوہ پیماؤں کے گائیڈ کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور سال 1994 میں انہوں نے پہلی مرتبہ 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔
تب سے وہ تقریباً ہر سال دنیا کے بلند ترین مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
کامی ریتا نے گزشتہ ماہ اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ریکارڈ قائم کرنے کے مقصد سے چوٹی سر نہیں کی بلکہ گائیڈ کے طور کام کرتے ہوئے ریکارڈ بن گیا۔‘
کامی ریتا سنہ 1970 میں نیپال کے تھیم نامی گاؤں میں پیدا ہوئے تھے جو کامیاب کوہ پیما پیدا کرنے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
ایورسٹ مین نے بڑے ہوتے ہوئے اپنے والد اور پھر اپنے بھائی کو کوہ پیما گائیڈ کے طور پر دیکھا اور بعد میں انہی کے نقش قدم پر چل پڑے۔
سال 2019 میں کامی ریتا نے چھ دنوں میں دو مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔
دنیا کی دس بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ نیپال میں واقع ہیں جہاں ہر سال موسم بہار میں سینکڑوں کو پیما جاتے ہیں۔
رواں سال نیپال نے 478 بین الاقوامی کوہ پیماؤں کو پرمٹ جاری کیے ہیں جس کی فیس 11 ہزر ڈالر ہے۔
اس سال 900 کوہ پیما مہم جوئی میں شامل ہو رہے ہیں جن میں سے اکثر کو گائیڈ کی ضرورت ہوگی۔
ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب وادی سے تعلق رکھنے والے شرپا نسل کے گائیڈز کا کردارمہم جوئی کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے جو کوہ پیماؤں کا تمام سامان اٹھا کر خطرناک پہاڑوں پر چڑتے ہیں۔