9 مئی کے واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی: آرمی چیف
پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو بھی شہدا اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ حال ہی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہدا آرمی کے جوانوں اور افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں، حکومتی اہلکاروں اور پاکستان کے عوام کے جذبوں کو مہمیز دینے کا ذریعہ ہے۔
آرمی چیف نے جوانوں اور افسران کو یقین دلایا کہ 9 مئی کے سیاہ دن کو قوم کے لیے شرم کا باعث بننے والوں کو یقینی طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر شہدا کے یادگار پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے قوم کی عزت، اخترام اور وقار کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
’شہدا کو آخرت میں اعلی درجے کا وعدہ ہے اور وہ ملک کے عوام میں ان کی عزت اور اخترام برقرار رہے گا۔‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہدا، ان کے خاندانوں اور ان کی قربانیوں کو ہمشہ عزت و اخترام کی نظر دے دیکھیں گے۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران ان پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ معاملات اور اندروانی اور بیرونی جارحیت کے مقابلے کے لیے تیاری پر توجہ دیں۔