Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں زیورات کی دکانوں پر تفتیشی مہم، ایک شو روم سیل

خلاف ورزی کرنے والوں کو متعلقہ اداروں کی تحویل میں دیا گیا ہے ( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں انسداد تجارتی پردہ پوشی قومی پروگرام کے تحت سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کو بند کرانے کے لیے مشتبہ تجارتی اداروں اور مارکیٹوں میں تفتیشی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے  مطابق انسداد تجارتی پردہ پوشی کے حکام نے مدینہ منورہ میں سونے کے زیورات کی دکانوں میں تجارتی پردہ پوشی ختم کرانے کے لیے 51 شورومز پر تفتیشی کارروائیاں کی ہیں۔
تفتیشی مہم میں تجارت، داخلہ، افرادی قوت و سماجی بہبود، بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور کی وزارتوں، زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے نمائندے شامل تھے۔ 
تفتیشی ٹیم نے مشکوک شو رومز کے مالکان کو تجارتی پردہ پوشی کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے انہیں دفتر میں طلب کیا ہے۔ ایک شوروم پرمٹ نہ ہونے  پر سیل کردیا گیا۔
انسداد تجارتی پردہ پوشی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو متعلقہ اداروں کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
 الزام ثابت ہوجانے پر انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی پر پانچ برس قید اور پچاس لاکھ ریال  تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ علاوہ ازیں غیر قانونی رقم ضبط کرلی جائے گی۔

شیئر: