Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک چالان واجب الادا ہیں، اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟

اقامہ نمبر سے تمام سرکاری معاملات کو مربوط کیا جاتا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کا اقامہ نمبر تمام سرکاری معاملات کی انجام دہی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اقامہ نمبر پرٹریفک چالان یا دیگر خلاف ورزیاں رجسٹرکی جاتی ہیں۔ 
جوازات کا ادارہ غیر ملکیوں کے رہائشی امور کی انجام دہی کا ذمہ دار ہوتا ہے ۔ اقاموں کا اجرا اور ان کی تجدید جوازات کے ادارے سے ہی ہوتی ہے۔ 
 ٹریفک چالان کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’کارکن کے اقامہ پر ٹریفک چالان ہیں کیا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’ایسے غیر ملکی کارکن جن کے خلاف کسی بھی قسم کے جرمانے واجب الاد ہوں ان کے اقامے یا ڈرائیونگ لائسنس اس وقت تک تجدید نہیں کرائے جاسکتے جب تک چالان کی رقم ادا نہ کردی جائے‘۔ 
ٹریفک خلاف وزیوں کے حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ ’چالان کی بروقت ادائیگی ضروری ہے ادا نہ کرنے کی صورت میں اقامہ تجدید نہیں کیاجاسکتا نہ دیگر سرکاری معاملات انجام دیئے جاسکتے ہیں‘۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں اقامہ نمبر سے تمام سرکاری معاملات کو مربوط کیاجاتا ہے۔ کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی یا چالان کا اندراج اقامہ نمبر پرہی ہوتا ہے۔ 
چالان ہونے کی صورت میں جوازات کے سسٹم میں خود کارطریقے سے فیڈ کرلیا جاتا ہے اور اس وقت تک غیر ملکی کے اقامہ پرخلاف ورزی درج رہتی ہے جب تک چالان کی رقم ادا نہ کردی جائے۔ 
ٹریفک خلاف ورزیوں پردرج ہونے والے چالانز کے علاوہ دیگر خلاف ورزیوں کی بھی عدم ادائیگی پراقامہ کی تجدید وخروج وعودہ وغیرہ کا اجرا نہیں کرایا جاسکتا۔ 
 ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا ’ قسطوں پراشیا خریدی ہیں جن کی رقم باقی ہے کیا خروج نہائی لگایاجاسکتا ؟‘۔ 

جب تک تمام ادائیگیاں نہ کردی جائیں خروج نہائی نہیں لگایا جاسکتا(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ’ جب تک قسطوں پرخریدی گئی اشیا کی ادائیگی نہیں کردی جاتی خروج نہائی ویزا جاری نہیں کرایاجاسکتا‘۔ 
واضح رہے ادائیگی کے حوالے سے اگرکسی نے قسطوں پرگاڑی خریدی ہے یا اس کے ذمہ موبائل، انٹرنیٹ، بجلی کا بل وغیرہ واجب الاد ہواس صورت میں بھی اس کا خروج نہائی ویزا یعنی فائنل ایگزٹ نہیں لگے گا۔ 
فائنل ایگزٹ ویزے کے لیے لازمی ہے کہ کسی قسم کے واجبات باقی نہ ہوں۔ ادائیگی باقی ہونے کی صورت میں غیر ملکی کارکن کی فائل میں ان کا اندراج ہوتا ہے۔
جب تک تمام ادائیگیاں مکمل نہ کردی جائیں خروج نہائی نہیں لگایا جاسکتا۔
علاوہ ازیں اگرکسی کے نام پرگاڑی رجسٹرہو اس کا بھی خروج نہائی اس وقت تک نہیں لگایاجائے گا جب تک گاڑی اس کے نام سے ختم نہ کرادی جائے۔
گاڑی فروخت کرنے یا کسی اور کے نام ٹرانسفرکرانے کے بعد ہی فائنل ایگزٹ ویزا لگایا جاسکتا ہے۔ 

شیئر: