Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیض اللہ کموکا پی ٹی آئی سے علیحدہ، وجاہت حسین ق لیگ میں شامل

فیض اللہ کموکا نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے جتنے بھی لوگوں ہیں اکثریت تشدد کے خلاف ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کا ساتھ چھوڑ دیا۔
پیر کو لاہور میں چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین نے دوبارہ ق لیگ میں واپسی کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت ہیں۔ نہ کبھی کوئی اور جماعت جوائن کی۔ میرا بیٹا حسین الٰہی مسلم لیگ قائد اعظم کے ٹکٹ پر ایم این اے ہے۔‘
9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ فوجی و سول تنصیبات پر حملے ہوئے اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
’نہ فیملی اور نہ ہی پارٹی کا کوئی ایسا مقصد رہا ہے کہ فوجی املاک پر حملے کیے جائیں۔ خاندان کے کچھ لوگوں کے فیصلے درست نہیں تھے۔ ان لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ان کے فیصلے غلط ہیں۔‘
چوہدری وجاہت کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت کا بڑا دل ہے، جو لوگ واپس آنا چاہتے ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
’جو خاندان کے لوگ پی ٹی آئی میں چلے گئے ہیں انہیں کہوں گا وہ واپس آ جائیں۔ ہو سکتا جو دراڑیں ڈال رہے ہیں وہی دراڑیں بھر بھی دیں۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مغربی پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں بغیر کسی دباؤ تحریک انصاف کے مغربی پنجاب کے صدر کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں۔ میں تحریک انصاف سے بھی علیحدگی اختیار کرتا ہوں۔‘

چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ چودھری شجاعت کا بڑا دل ہے، جو لوگ واپس آنا چاہتے ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فیض اللہ کموکا نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے جتنے بھی لوگوں ہیں اکثریت تشدد کے خلاف ہے۔ پارٹی چھوڑنا میرا ذاتی فیصلہ ہے۔ میرا پارٹی کے دیگر لوگوں سے رابطہ نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نو مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ میں کسی بھی تشدد اور توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھا۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور سابق ایم این اے آفتاب صدیقی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اتوار کو جاری مختصر ویڈیو بیان میں آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تھوڑی دیر پہلے ایک ٹویٹ کی ہے جو کہ درست ہے۔
’میں نے سیاست اور تمام عہدے چھوڑ دیے۔ اب میں بطور بزنس مین ملک کی خدمت کروں گا۔‘
اس سے قبل صوابی سے تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی عثمان ترکئی نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: