پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی، سابق ایم این اے عثمان ترکئی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور سابق ایم این اے آفتاب صدیقی نے پارٹی سے اپنی اپنی راہیں جد کرلیں۔
اتوار کو جاری مختصر ویڈیو بیان میں آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تھوڑی دیر پہلے ایک ٹویٹ کی ہے جو کہ درست ہے۔
’میں نے سیاست اور تمام عہدے چھوڑ دیے۔ اب میں بطور بزنس مین ملک کی خدمت کروں گا۔‘ اس سے قبل صوابی سے تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی عثمان ترکئی نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے آفتاب صدیقی این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ این اے 247 کی نشست عارف علوی کے صدر بننے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
آفتاب صدیقی اس وقت تحریک انصاف کراچی کے صدر ہیں۔
ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر افسوس ہے۔ ’تحریک انصاف کی کراچی کی صدارت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔‘
سابق ایم این اے عثمان ترکئی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
صوابی سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے عثمان ترکئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے صوابی سے سابق ایم این اے اور سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے چاچا عثمان ترکئی نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
عثمان ترکئی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کرکے کھلی دہشت گردی کی ہے اس لئے وہ اس جماعت کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے ڈیڑھ سال سے پرویز خٹک اور اسد قیصر سے اختلافات چل رہے تھے ان لوگوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اپنے لوگوں کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
سابق ایم این اے عثمان ترکئی کے مطابق پی ٹی آئی کے قائدین کارکنوں کو بے یارومددگار چھوڑ کر خود روپوش ہوگئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ جلد ہی مزید رہنما پی ٹی آئی کو چھوڑ دیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران عثمان ترکئی کے بھائی اقبال بلند ترکئی بھی موجود تھے انہوں نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
عثمان ترکئی نے دو روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی سے ملاقات بھی کی تھی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ، سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر سمیت پانچ رہنما پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔