Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آر سی بی کے خلاف سینچری، شبھمن گِل اور ان کی بہن کو گالیوں کا سامنا

شبھمن گِل نے 52 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اتوار کو کھیلے گئے اہم ترین میچ میں گجرات ٹائٹنز نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو چھ وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر کر دیا۔
یہ آر سی بی کے لیے ناک آؤٹ میچ تھا اور پلے آف میں رسائی کے لیے اس کا جیتنا لازم تھا۔ تاہم 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کے شبھمن گِل نے اپنی سینچری کے ذریعے آر سی بی کی ٹیم اور اُس کے مداحوں کا رواں برس ٹرافی جیتنے کا خواب توڑ دیا۔
آر سی بی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں وراٹ کوہلی کی 61 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
اس کے جواب میں گجرات ٹائٹنز نے شبھمن گِل کی شاندار اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف پانچ گیندیں قبل ہی پورا کر لیا۔
شبھمن گِل نے 52 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔
آر سی بی کی ہار کے بعد اُن کے مداح شدید صدمے سے دوچار ہیں اور اپنی بولنگ لائن پر ملامت کر رہے ہیں لیکن فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صورتحال نہایت گمبھیر نظر آ رہی ہے۔
آر سی بی کے مداح شبھمن گِل اور اُن کی بہن شاہنیل گِل کے انسٹاگرام اکاؤںٹ پر نفرت آمیز اور گالیوں سے بھرپور تبصرے کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آر سی بی مداحوں کے خلاف صارفین کے مذمتی ٹویٹس بھی دیکھنے کو مِل رہے ہیں۔
مادھو شرما اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’شبھمن گِل کی بہن کو انسٹاگرام پر نشانہ بنا کر، کوہلی اور آر سی بی کے مداحوں کے ایک حصے نے ثابت کیا ہے کہ انہیں کھیل اور اِس کے سِپرٹ کا کچھ علم نہیں ہے۔‘
’ایک خاتون کو ہراسیت کا سامنا ہے کیونکہ اُس کے بھائی نے میچ جیتنے کے لیے سینچری سکور کی ہے۔ یہ کس قدر گھٹیا رویہ ہے۔‘
کرشنا اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’ایسے مداحوں کی وجہ سے آر سی بی کو بطور ٹیم نفرت ملتی ہے۔ وراٹ ایسے مداحوں کے قابل نہیں ہیں۔‘
ابھے نے لکھا ہے کہ ’کوہلی کے مداح گِل اور اُس کی بہن کو گالیاں دیں گے اور اُن کی موت کی تمنائیں کریں گے لیکن نوین کو ٹرول کریں گے اور اخلاقیات کا درس دیں گے جب وہ آر سی بی کی ہار پر غیر نقصان دہ طنزیہ پوسٹ کریں گے۔‘
ساؤرو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد آر سی بی کے مداحوں سے زیادہ زہریلا کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔‘
ڈاکٹر خوشبو نے آر سی بی کے مداحوں کے بارے میں کہا کہ ’میں اسی وجہ سے کہتی ہوں کہ آر سی بی کے مداح آئی پی ایل میں سب سے زیادہ زہریلے ہیں۔ یقین نہیں آ رہا کہ کسی جوان انڈین ٹیلنٹ کے لیے موت کی بد دعا کی جائے گی۔‘

شیئر: