Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش نہ رُکی تو بنگلور کی امیدوں پر پانی پِھر جائے گا‘

دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔ (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے لیے گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کے خلاف گروپ راؤںڈ کا آخری میچ جیتنا نہایت ضروری ہے۔
اگر پلے آف مرحلے کی بات کی جائے تو اس کے لیے دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز، چنئی سپر کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کوالیفائی کر گئے ہیں جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر کے لیے ممبئی انڈینز اور آر سی بی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
ممبئی انڈینز 14 میچز کھیل کر 8 فتوحات کے ساتھ 16 پوائنٹس لے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے جبکہ آر سی بی 13 میچز کھیل کر سات فتوحات کے ساتھ 14 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔
اگر آر سی بی گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر وہ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ اِس کی شکست کی صورت میں ممبئی انڈینز پلے آف مرحلہ کھیلنے والی چوتھی ٹیم بن جائے گی۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے مداحوں کے لیے اتوار کو بری خبر یہ رہی ہے کہ بنگلور میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث میچ کو وقت پر شروع نہیں کیا جا سکا۔
اسی طرح اگر میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہو جاتا ہے تو آر سی بی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
آر سی بی کا شمار آئی پی ایل کی مشہور ترین ٹیموں میں ہوتا ہے اور اس ٹیم کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اکثر اگر مگر کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین رائل چیلنجرز بنگلور پر خوب میمز بنا رہے ہیں اور دلچسپ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔
پرنس نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ بچے کیچڑ میں کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’چِناسوامی میں آر سی بی اور جی ٹی کا میچ۔‘
ٹوئٹر ہینڈل میمز ہلا بول نے ایک تصویر شیئر کی جس میں ہیئر ڈرائیر سے پِچ کو خشک کیا جا رہا ہے۔ اس پر انہوں نے لکھا کہ ’آج گراؤنڈ پر وراٹ کوہلی۔‘
پراچی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اے خدا، آر سی بی کو آئی پی ایل کی ٹرافی ایک بار دِلا دے۔‘
آویناش اہوجا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’اگر بنگلور میں بارش نہ رُکی تو آر سی بی کی امیدوں پر سچ میں پانی پھر جائے گا۔‘

 

شیئر: