ہُما قریشی بنیں شیف، فلم ’ترلا‘ کا ٹیزر جاری
فلم ’ترلا‘ انڈیا کی مشہور شیف ترلا دلال کی زندگی پر بنائی گئی ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
بالی وُڈ اداکارہ ہما قریشی کی نئی آنے والی فلم ’ترلا‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ فلم انڈیا کی معروف شیف اور فوڈ رائٹر ترلا دلال کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ ٹیزر میں ہما قریشی کھانوں کے لیے اپنے پیار کا خوب اظہار کرتی نظر آ رہی ہیں۔
آغاز میں ہما قریشی کو بطور ترلا دلال دکھایا جاتا ہے جو کہ کچھ کرنے کی آرزو رکھتی ہیں لیکن وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انہیں آخر کیا کرنا چاہیے۔
وقت کے ساتھ ساتھ انہیں کھانے پکانے کا شوق ہو جاتا ہے اور ایک وہ عام سی کھانا بنانے والی لڑکی سے سے پیشہ ور شیف بن جاتی ہیں۔ بالآخر وہ اپنی کوکنگ کلاسس اور ٹی وی شو کا آغاز کرتی ہیں۔
’ترلا‘ کے ہدایت کار پیوش گپتا ہیں جبکہ اس کی کاسٹ میں ہما قریشی کے علاوہ شارب ہاشمی بھی شامل ہیں۔
اس کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم زِی فائیو پر ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے 2022 میں فلم فیئر کو بتایا تھا کہ ’ترلا دلال مجھے میرے بچپن کی یاد دلاتی ہیں۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ جب ہم چھوٹے تھے تو کیسے میری والدہ ان کی ریسیپیز سے رہنمائی لیتے ہوئے کھانے بناتی تھیں۔‘
ان کے مطابق ’مجھے انتظار ہے کہ جلد ہی لوگ میرے اس خاص کردار کو دیکھیں۔‘
انڈیا کی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والی ترلا دلال انڈین اور بالخصوص گجراتی کھانوں میں مہارت رکھتی تھیں۔
انہوں نے کھانوں کی تیاری کے حوالے سے 100 سے زائد کتابیں لکھیں جن کی ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔
انہیں ان کی خدمات کے صلے میں 2007 میں انڈین حکومت کی جانب سے پدما شری ایوارڈ دیا گیا اور وہ انڈیا کی واحد شخصیت ہیں جن کو کوکنگ میں مہارتوں کی وجہ سے یہ ایوارڈ دیا گیا۔
ترلا دلال چھ نومبر کو 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔