سعودی عرب کے تعاون سے یمن میں ماڈل سکولوں کی تعمیر
یمن کی مختلف کمشنریوں میں 31 ماڈل سکول تعمیر کیے جائیں گے( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی تعمیر و ترقی سعودی پروگرام کے وفد نے یمن کی کمشنری حضر موت کا دورہ کرکے زیرتکمیل منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وفد نے سیئون ماڈل سکول کے منصوبے پر بریفنگ لی اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ منصوبے پر ستر فیصد کام ہوچکا ہے۔
ماڈل سکول 9 کلاس رومز پر مشتمل ہوگا۔ علاوہ ازیں سپورٹس گراؤنڈ بھی بنایا جائے گا۔ غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی انتظامات ہوں گے۔
سیئون ماڈل سکول کا منصوبہ مکمل ہونے پر طلبہ کو تعلیم کے سیکڑوں مواقع ملیں گے۔
یمن کی مختلف کمشنریوں میں 31 ماڈل سکول تعمیر ہوں گے۔ یہ ان میں سے ایک ہے۔ یمن بھر میں 52 تعلیمی پروگرام پائپ لائن میں ہیں۔
حضر موت کمشنری کو یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام کے منصوبوں سے علاقے کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔