Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کا مذاکراتی کمیٹی بنانے کا اعلان، نواز شریف کا بات کرنے سے انکار

نواز شریف نے کہا ہے کہ بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سات رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ’بات چیت سیاست دانوں سے کی جاتی ہے، تخریب کار گروہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔‘
سنیچر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کے لیے سات ارکان کو نامزد کیا ہے جو پی ٹی آئی کی جانب سے بات چیت کریں گے۔
تحریک انصاف کے آفیشل لیٹر ہیڈ پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ’مذاکراتی کمیٹی‘ کے ارکان میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباس بپی، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔
جاری کیے گئے بیان اور نوٹیفکیشن میں یہ نہیں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کی یہ کمیٹی کس سے مذاکرات کرے گی تاہم عمران خان نے گزشتہ روز ایک ویڈیو خطاب میں کہا تھا کہ وہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر کوئی مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے اُن کے نامزد کردہ نمائندوں سے گفتگو کر سکتا ہے۔
ادھر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔‘

شیئر: