بنوں: پالتو کُتے کو مارنے کا بدلہ، نوجوان کو قتل کر کے لاش نذرِ آتش کر دی گئی
ڈی پی اور بنوں کے مطابق ملزم مسلح تھا اور پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پالتو کتے کو مارنے کے الزام میں کتے کے مالک نے نوجوان کو قتل کر کے لاش کو جلا دیا جس کے بعد ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ ضلع بنوں کے علاقے غزنی خیل میں نوجوان کے قتل کا ملزم عمیر پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ جمعے کو پیش آیا جب سرور غزنی خیل کے علاقے میں پالتو کتے کو مارنے کے تنازعے پر مالک ملزم عمیر نے نوجوان شاقیاز کو قتل کیا اور پھر اس کی کی نعش پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جب پولیس وہاں پہنچی تو ملزم عمیر نے پولیس کو نعش دینے سے انکار کیا اور مزاحمت شروع کر دی۔
ڈی پی او بنوں ضیاء الدین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملزم نے پہلے نوجوان کو قتل کیا اور پھر اس کی لاش کو نذرِآتش کیا۔ ڈی پی او کے مطابق ملزم مسلح تھا اور جب پولیس چھاپے کے لیے گئی تو ملزم نے گرفتاری دینے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ملزم کو گولی لگی اور وہ موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ملزم سے پستول، کلاشنکوف بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مبینہ ملزم عمیر پر اس سے پہلے بھی ڈی ایس بی کے دو اہلکاروں کو چاقو کے وار کرکے زخمی کرنے کا الزام تھا۔