لبنانی انٹیلیجنس نے مغوی سعودی شہری کو بازیاب کروا لیا
لبنانی وزیر داخلہ بسام مولوی نے کہاسعودی شہری کے اغوا کے بعد وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
لبنانی فوج کے انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ نے مغوی سعودی شہری مشائر المطیری کو بازیاب کروا لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مغوی سعودی شہری کو شام کے ساتھ سرحدی علاقے میں سکیورٹی آپریشن کر کہ بازیاب کیا گیا جس کے بعد انہیں رہا کر دیا ہے۔
منگل کو لبنانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اغوا میں ملوث متعدد افرا کو گرفتار کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی شہری مشائر المطیری بیروت میں سعودی ایئرلائنز کے لیے کام کرتے ہیں جنہیں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب 3 بجے بیروت ایئرپورٹ جانے والی سڑک سے اغوا کیا گیا تھا۔
سعودی سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق سات افراد اغوا میں ملوث تھے جن میں سے تین نے فوجی یونیفارم پہنا ہوا تھا۔
سعودی شہری کو بازیابی کے بعد بھاری سکیورٹی حصار میں وزارتِ دفاع لے جایا گیا۔
اس سے قبل لبنانی وزیر داخلہ بسام مولوی نے کہا تھا کہ ’وہ سعودی شہری کے بیروت سے اغوا کے بعد لبنانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اس معاملے پر بیروت میں سعودی سفیر ولید بخاری کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
الاخباریہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اغوا کاروں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے سے ایک ٹیلی فونک پیغام بھیجا تھا۔
’مغوی سعودی شہری بیروت میں سرکاری ایئرلائن السعودیہ کے ملازم ہے۔ عسکری وردیوں میں ملبوس اغوا کار دو گاڑیوں میں پہلے سے علاقے میں موجود تھے۔‘
لبنانی وزیر داخلہ بسام مولوی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’لبنانی سرزمین پر مشکل سے دوچار ہونے والے کسی بھی غیرملکی کو آزاد کرانے کے لیے ہمیشہ ’آہنی پنجے‘ کے ساتھ کام کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو کچھ ہوا اس سے لبنان کے اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ تعلقات متاثر ہوں گے۔ مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق مغوی سعودی شہری کو آخری بار بیروت کے مرکزی علاقے کے ’البیال‘ کمپلیکس کے قریب دیکھا گیا تھا، وہ ایک عرصے سے لبنان میں مقیم ہیں۔
ابتدائی معلومات سے پتہ چلا تھا کہ سعودی شہری کو ان کی گاڑی سمیت صبح کے وقت اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ عرمون میں اپنے گھر جا رہے تھے۔
علاوہ ازیں لبنان میں سعودی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی شہری کے لاپتہ ہونے کی اطلاع اس کے رشتے داروں کی جانب سے ملی ہے۔‘
سفارتخانے کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سعودی سفارتخانہ لبنان کے اعلٰی سیکیورٹی حکام سے رابطے میں ہے، سعودی شہری کی گمشدگی کا معاملہ سلجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔