Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کے اجلاس میں سوڈان میں پیش رفت اور جدہ مذاکرات کا جائزہ

کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے سوڈان میں ہونے والی پیش رفت اور جدہ مذاکرات کی تازہ صورتحال کا جائزہ  لیا ہے۔  اجلاس میں علاقائی و بین الاقوامی حالات  بھی زیربحث آئے۔
 کابینہ نے ترکیہ کے ساتھ  ابلاغ کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کا اختیار وزیر اطلاعات و نشریات کو تفویض کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ 
کابینہ نے افراد اور خاندانوں کی دولت اور مالیاتی پوزیشن جانچنے  کے لیے جامع مشترکہ فریم  ورک،  تعلیمی سال 2023-2024 کے حوالے سے چھٹیوں کے کیلنڈر اور اس کے رہنما ضوابط کی منظوری دی ہے۔  
کابینہ کو جمہوریہ قمر کے صدر کی جانب سے  سعودی قیادت کو ملنے والے خطوط کے مندرجات سے آگاہ کیا گیا۔ 
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں گزشتہ دنوں ریاستی سرگرمیوں کے حوالے  سے ایک رپورٹ پیش کی گئی۔ مختلف سطح پر کثیر فریقی اور دوطرفہ مذاکرات اور برادر و دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے استحکام کے حوالے سے ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا۔ 
سعودی کابینہ نے جدہ میں ہونے والی سعودی عراقی رابطہ کونسل کی قراردادوں اور اس موقع پر متعدد شعبوں میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پراطمینان کا اظہار کیا۔ 
کابینہ نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ عراق سعود ی تعاون میں تیزی لائی جائے گی تاکہ مشترکہ مفادات حاصل ہوں۔ خطے میں امن و استحکام مضبوط ہو اور تعمیر و ترقی کا پہیہ آگے بڑھے۔ 
کابینہ نے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کی اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں سعودی عرب کی شرکت اور عالمی سطح پر صحت عامہ کو درپیش خطرات محدود کرنے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ 
کابینہ نے کاربن کے اخراج میں کمی  کے حوالے سے سعودی عرب کے تیز رفتار اقدامات پربھی اطمینان کا اظہار کیا۔ نیوم میں گرین ہائیڈروجن تیار کرنے والی دنیا کی  بڑی فیکٹری کے قیام کو اس جہت میں اہم اقدام قرار دیا گیا۔ 
کابینہ نے ریاض میں منعقدہ اکنامک زونز میں ہونے والے انویسٹمنٹ فورم اور اس موقع پر طے پانے والے معاہدوں کو سعودی عرب کی معیشت میں تنوع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری ماحول بہتر بنانے کی علامت قرار دیا۔ 
کابینہ نے پولینڈ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات، توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے پرتگال کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر توانائی کو تفویض کیا ہے۔
کابینہ نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ ریسرچ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار ریسرچ اتھارٹی کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ کو جبکہ نہر سوئز سے سامان بردار جہازوں اور سیاحتی جہازوں کو گزرنے کے سلسلے میں تعاون سے متعلق مصر کے ساتھ  معاہدے کا اختیار وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات کو تفویض کیا ہے۔
کابینہ نے نائجیریا، گھانا، مالی، ماریطانیہ، مصر، چاڈ، بحرین اور قطر کے ساتھ سمعی و بصری ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر مذاکرات کا اختیار وزیر اطلاعات و نشریات کو دیا ہے۔

شیئر: